وزیراعظم آزاد کشمیر کا وفاق پر حکومت گرانے کیلیے اراکین خریدنے کا الزام

اسٹاف رپورٹر  اتوار 18 دسمبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار تنویر الیاس نے وفاقی حکومت پر کشمیر میں تحریک انصاف حکومت گرانے کیلئے اراکین اسمبلی کو خریدنے کا الزام لگاتے ہوئے کہنا ہے کہ نوٹوں سے بھرے بریف کیس وفاقی حکومت نے مظفر آباد بھجوا دئیے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار الیاس تنولی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت آزاد جموں و کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت گرانے کی کوششیں کر رہی ہے اور اس مقصد کیلئےنوٹوں سے بھرے بریف کیس وفاقی حکومت نے مظفر آباد بھجوائے ہیں، جن کے ذریعے آزاد کشمیر کے ایم ایل ایز کو خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ گند جاری رکھا گیا تو آزاد جموں و کشمیر کے عوام سڑکوں پر آجائیں گے، آزاد کشمیر میں سیاسی استحکام کا ہونا ضروری ہے، نوٹوں سے بھرے بریف کیس کشمیر کاز کیلیے نقصان دہ ہیں جس سے آزاد جموں و کشمیر میں جنگ و جدل اور سیاسی ابتری میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کو ہٹ دھرمی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے اور الیکشن کی طرف جانا چاہیے، وفاق کے زور پر پی ڈی ایم نے تحریک انصاف آزادجموں وکشمیر کی حکومت تبدیل کی تو ہم سڑکوں پر ہوں گے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے، پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی حکومتیں الیکشن کا مطالبہ کر رہی ہیں اپنے ملک کی ترقی اور سلامتی کیلئے سب کو مل  کر بیٹھنا ہوگا۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر کے وزیر اعظم سے پی ٹی آئی کے اراکین ناراض، بغاوت کا خدشہ

اُن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف الیکشنز کا جمہوری مطالبہ کر رہی ہے، عوام کی عدالت میں جانے سے سیاسی قوتوں کو گھبرانا نہیں چاہیے ، پاکستان مقدم ہے اور باقی سب بعد میں ہے، پاکستان کے اندر معاشی بے چینی پر ہمیں تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر پاکستان کی دفاعی فصیل ہے ، ہمیں کسی بھی صورت سیاسی استحکام پیدا نہیں کرنا، سیاسی قیادتوں کا کام ہے وہ سر جوڑ کر بیٹھیں اور مسئلے کا حل نکالیں، تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس مسئلے کا حل نکالنا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔