اسلام آباد؛ بحرین، قطر اور مانچسٹر جانیوالے مسافروں سے منشیات برآمد

ویب ڈیسک  پير 19 دسمبر 2022
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

اینٹی نارکوٹکس فورس نے اسلام آباد ائرپورٹ پر مختلف کارروائیوں میں بحرین، قطر اور مانچسٹر جانے والے مسافروں کے سامان سے منشیات برآمد کرلی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر 3 مختلف کارروائیاں کی گئیں۔ پہلی کارروائی میں بحرین جانے والےخیبر کے رہائشی ملزم کے سینڈل سے 516 گرام آئس اور 104 گرام ہیروئین برآمدکرلی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: اے این ایف کی مختلف کارروائیوں میں بھاری مقدار میں منشیات برآمد، ملزمان گرفتار

دوسری کارروائی میں قطر جانے والے ملزم کے ٹرالی بیگ سے 704 گرام چرس برآمد  کرلی گئی۔ ملزم ہنگو کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔

تیسری مشترکہ کارروائی میں اے این ایف اور اے ایس ایف  نے مانچسٹر جانے والے ملزم سے 1200 نشہ آور گولیاں برآمد کرلیں۔ ملزم میرپور کا رہائشی ہے۔

علاوہ ازیں اینٹی نارکوٹکس فورس اور ائرپورٹ سکیورٹی فورس کی لاہور ائرپورٹ پر مشترکہ کارروائی میں  بحرین جانے والی نارووال کی رہائشی خاتون کے بیگ سے 1 کلو 933 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔ دوسری جانب کوئٹہ سے کراچی جانے والی خاتون سے 5 کلو چرس برآمد ہوئی جبکہ ایک اور کارروائی میں کوئٹہ سے 97 کلو 250 گرام چرس اور 2 کلو مشکوک افیون برآمد کرلی گئی۔

مزید پڑھیں: اے این ایف کا لاہور میں منشیات بنانے والی فارما کمپنی پر چھاپہ، مالک گرفتار

دریں اثنا چمن بائی پاس کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 4 کلو 8گرام چرس اور 10 کلو 7 گرام مشکوک مواد برآمد کرلیا گیا۔

تمام کارروائیوں میں ملزمان کو گرفتار کرکے انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے اور تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔