ورلڈکپ، ارجنٹائن میں توہم پرستی عروج پر رہی

اسپورٹس ڈیسک  پير 19 دسمبر 2022
حریف گول پوسٹ کی جانب پائوں، جادوگرنیاں میسی کے لیے ’عمل‘ کرتی رہیں۔ فوٹو: فیفا

حریف گول پوسٹ کی جانب پائوں، جادوگرنیاں میسی کے لیے ’عمل‘ کرتی رہیں۔ فوٹو: فیفا

کراچی: فٹبال ورلڈ کپ کے دوران ارجنٹائن میں توہم پرستی عروج پر رہی۔

قطر میں کھیلے گے فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کو پہلے ہی میچ میں سعودی عرب کے ہاتھوں شکست ہوئی تاہم اس کے بعد اس نے کامیابیاں سمیٹتے ہوئے فائنل تک رسائی پائی، اس سارے سفر کے دوران ارجنٹائن میں توہم پرستی عروج پر رہی۔

بیونس آئرس کے نواح میں رہنے والے 55 سالہ جولیو ٹریسٹو کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے میچ میں میں نے بلو وائٹ 10 نمبر کی جرسی پہن رکھی تھی، اس مقابلے میں شکست ہوئی تو میکسیکو کے خلاف میچ میں میں نے پشت والی سائیڈ آگے اور آگے والی سائیڈ پیچھے کرکے شرٹ پہنی، اس مقابلے میں ہمیں کامیابی ملی تو پھر میں نے یہ سلسلہ دوسرے میچز میں بھی جاری رکھا۔

گریشیلا کاسترو کہتی ہیں کہ میں نے میچز کے دوران ایک ہی ٹرائوزر اور شرٹ پہنے رکھی، مجھے ڈر رہا کہ اگر میں کوئی اور شرٹ یا ٹراؤزر پہن کر میچ دیکھوں گی تو ہم ہار جائیں گے۔

ایک سیکنڈری اسکول کی طالبہ الما مایوری کہتی ہیں کہ میں نے دوسرے میچ سے ایک ہی ٹیم جرسی بغیر دھوئے پہن رہی ہوں۔

ادھر ایک جادوگرنی میگیلی مارٹینز کا کہنا تھا کہ جب میں نے لیونل میسی کو پچ پر دوسرے پلیئر سے الجھتے دیکھا تو مجھے محسوس ہوا کہ وہ محفوظ نہیں ہیں، اس لیے میں نے ایک پانی کے بائول میں آئل ڈالتے ہوئے عمل کیا، اگر وہ پانی پر قطرے قطرے بن جاتا تو میسی محفوظ تھے مگر وہ سینٹر میں اکھٹا ہوگیا جوکہ اچھی علامت نہیں تھی۔

مارٹیز نے ٹویٹر پر ارجنٹائن کی دوسری جادوگرنیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ میسی کی حفاظت کیلیے عمل کریں۔ اس پر ہزار کے قریب لوگوں نے ری ٹویٹ کیا جبکہ بہت ساروں کا کہنا تھا کہ وہ بھی جادوگر اور اپنے گولڈن بوائے کی حفاظت کیلیے عمل کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔