سیاسی و معاشی بحران اور میری حکومت گرانے کے واحد ذمہ دار جنرل (ر) باجوہ ہیں، عمران خان

ویب ڈیسک  پير 19 دسمبر 2022
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 لاہور: پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی سیاسی اور معاشی بحران اور میری حکومت گرانے کا واحد ذمہ دار جنرل باجوہ ہیں، پرویز الہی نے اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس لکھ کر بھیج دے جسے جمعہ کو گورنر کو ارسال کردوں گا۔

لاہور میں غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ قاف لیگ اور پی ٹی آئی دو آزاد سیاسی جماعتیں ہیں، قاف لیگ کی جنرل باجوہ کے حوالے سے اپنی پالیسی ہے جب کہ تحریک اںصاف یہ سمجھتی ہے کہ موجودہ حالات کے ذمہ دار جنرل باجوہ ہیں۔

یہ پڑھیں : امپورٹڈ سرکار دہشت گردی سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے، عمران خان

عمران خان نے کہا کہ امریکا میری حکومت گرانے میں کتنا ذمہ دار ہے کچھ نہیں کہہ سکتا اسی لیے سائفر کی انکوائری چاہتا تھا جو کہ نہ ہوئی۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نیب جنرل باجوہ کے کنٹرول میں تھا، جنرل (ر) باجوہ نے میری مخالفت کے باوجود سب کو این آر او دیا، موجودہ سیاسی اور معاشی بحران کے ذمہ دار جنرل (ر) باجوہ ہیں اور میری حکومت گرانے کا واحد ذمہ دار جنرل باجوہ ہیں۔

ق لیگ کے ن لیگ سے متوقع مذاکرات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ق لیگ ایک آزاد جماعت ہے اور وہ مسلم لیگ (ن) سے مذاکرات کر سکتی ہے تاہم چوہدری پرویز الہی نے لکھ کر مجھے اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس دے دی ہے، جمعہ کو یہ ایڈوائس گورنر کو بھیج دوں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔