راولپنڈی؛ جرگے میں دو گروہوں کے درمیان فائرنگ، 10 افراد زخمی

ویب ڈیسک  پير 19 دسمبر 2022
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

اسلام آباد: راولپنڈی تھانہ روات کے علاقے جھٹہ ہتھیال جرگے میں دو گروپوں نے فائرنگ کردی ، گولیاں لگنے سے راہگیر سمیت 10 افراد زخمی ہوگے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملزمان ایک گھنٹے تک فائرنگ کرتے رہے جس سے علاقے میں شدید خو ف وہراس پھیل گیا۔

سی پی او کے نوٹس کے بعد  12مشکوک افراد کو تحویل میں لیا گیا تاہم  مرکزی ملزمان تاحال گرفتار نہیں ہوسکے۔

پولیس کا کہنا تھاکہ جھٹہ ہتیال میں چند روز قبل گلی میں گاڑی کو راستہ نہ دینے کے تنازعہ پر دو گروپوں میں جھگڑا ہوا تھا، جس سے دونوں گروپوں میں کشیدگی چل رہی تھی۔

معززین علاقہ نے دونوں گروپوں کے درمیان کشیدگی ختم کرنے اور صلح کرانے کے لیے جرگہ رکھا تھا، جرگے میں دوبارہ دونوں گروپوں کے فریقین کے درمیان سخت جملوں کو تبادلہ ہوا ،پہلے سے مسلح دونوں گروپوں کے افراد نے ایک دوسرے پر فائرنگ کردی۔

مدثر خان گروپ کے مدثر، عامر احسان ، عمران اور طفیل گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے، دوسرے گروپ کے زخمیوں میں اختر، رسول خان، آصف خان، اور آیت زمان زخمی ہوئے،زخمی راہگیر کی شناخت شوکت علی کے نام سے ہوئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔