محمود آباد نالہ ایک بار پھر کچرے سے لبالب بھر گیا

دعا عباس  منگل 20 دسمبر 2022
محمود آباد نالہ کچرے سے بھرا ہوا ہے ، موسم سرما کی بارشوں کے دوران پانی نالے سے ابل کر اطراف کی آبادی میں داخل ہوجائے گا  ۔ فوٹو : ایکسپریس

محمود آباد نالہ کچرے سے بھرا ہوا ہے ، موسم سرما کی بارشوں کے دوران پانی نالے سے ابل کر اطراف کی آبادی میں داخل ہوجائے گا ۔ فوٹو : ایکسپریس

 کراچی:  برساتی پانی کی نکاسی ایک بار پھر متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا جب کہ کثیر رقم سے تعمیر کردہ محمود آباد نالہ ایک بار پھر کچرے سے لبالب بھرگیا۔

محمود آباد نالے کے اطراف میں مختلف مافیاؤں نے ڈیرے جمارکھے ہیں، جن کی جانب سے کاٹھ کباڑ میں سے کارآمد اشیا چن کرباقیات نالے میں پھینکی جارہی ہیں۔

کچرے کے ڈھیروں نے بھی نالے کی روانی کومتاثرکررکھاہے جبکہ تعفن سے قرب وجوارکے مکین الگ پریشان ہیں،تعمیرنوکے بعد محمودآباد نالے کے اطراف کی لائٹیں بھی خراب پڑی ہیں، اندھیرے کی وجہ سے جہاں اسٹریٹ کرائم بڑھ رہاہے وہیں حادثات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

مکینوں کی جانب سے کہا گیا کہ اس نالے کی تعمیر سے قبل بہت سے دعوے کیے گئے تھے،لیکن جس لمحے انتظامیہ نے اس نالے کو لاوارث چھوڑ دیا اس ہی وقت سے کچرا چنے والا مافیا سرگرم ہوچکا ہے۔

مافیا کی جانب سے اطراف کی کچرا کنڈیوں کو غیر قانونی گوداموں میں تبدیل کرلیا گیا ہے، کچھ مکین بھی غیر ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوڑا کرکٹ اس ہی نالے میں ڈال دیتے ہیں۔

روڈ کے اطراف میں بھی کچرے کی بوریاں بنا کر رکھی ہوئیں ہیں ٹریفک کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے یہ نالہ سہولت کیلیے تعمیر کرایا گیا تھا لیکن اس کی حالت زار سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اس کی مرمت کا کام ہی نہیں کرایا گیا۔

شہریوں نے ایک بارپھر مطالبہ کیا ہے کہ نالے پرفوری توجہ دی جائے ورنہ پچھلی بارشوں کی طرح شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑسکتاہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔