بابراعظم کے ریکارڈز کی پٹاری مزید بھر گئی

اسپورٹس رپورٹر  منگل 20 دسمبر 2022
ریحان ڈیبیو پر 5 پلیئرز کو آئوٹ کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین بولر بن گئے۔ فوٹو: رائٹرز

ریحان ڈیبیو پر 5 پلیئرز کو آئوٹ کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین بولر بن گئے۔ فوٹو: رائٹرز

لاہور: بابراعظم کے ریکارڈز کی پٹاری مزید بھر گئی،،سال میں ہزار رنز بنانے والے پہلے پاکستانی کپتان، چھٹے بیٹر بن گئے۔

بابر اعظم مسلسل ریکارڈز اپنے نام کرتے جارہے ہیں،انھوں نے رواں برس ایک ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرلیے،وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے پاکستان کے پہلے کپتان اور چھٹے بیٹر ہیں،یونس خان 2 مرتبہ جبکہ انضمام الحق ، محمد یوسف، اظہر علی اور محسن خان ایک ایک بار یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔

بابر کے سوا بین الاقوامی سطح پر صرف3 بیٹرز کو رواں برس 1000 رنز مکمل کرنے کا اعزاز حاصل ہوا،ان میں جوروٹ، جونی بیئراسٹو اور عثمان خواجہ شامل ہیں، بابر ایک سال میں سب سے زیادہ ففٹیز بنانے والے پاکستانی کپتان بھی بن گئے۔

عالمی بیٹرز میں کمارا سنگاکارا نے 2014 میں 25 مرتبہ نصف سنچری یا اس سے بڑی اننگز کھیلیں، رکی پونٹنگ نے 2005 میں 24 مرتبہ 50 یا زائد رنز بنائے، بابر اعظم ان کے ہم پلہ ہوگئے،مصباح الحق نے 2013 میں 22ففٹیز بنائی تھی،ویراٹ کوہلی 2 بار 2017اور 2019میں 21،21نصف سنچریاں بناچکے ہیں۔

دوسری جانب ریحان احمد ڈیبیو پر 5 وکٹیں لینے والے دنیا کے کم عمر ترین بولر بن گئے، انگلش اسپنر نے 18 سال 126 دن کی عمر میں یہ کارنامہ سرانجام دیا، اس سے قبل پیٹ کمنز نے 18 سال 193دن کی عمر میں 5 وکٹیں لی تھیں، شاہد آفریدی نے 18 سال 235 دن کی عمر میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔