بھارت میں نوجوان لڑکی کے اغوا کا فلمی انداز میں ڈراپ سین

ویب ڈیسک  منگل 20 دسمبر 2022
لڑکی نے 12 گھنٹے بعد ہی اغوا کاروں میں سے ایک سے شادی کرلی، فوٹو: فائل

لڑکی نے 12 گھنٹے بعد ہی اغوا کاروں میں سے ایک سے شادی کرلی، فوٹو: فائل

دکن: بھارتی ریاست تلنگانہ میں گھر سے اغوا ہونے والی نوجوان لڑکی نے اگلے روز اغواکاروں میں سے ایک سے شادی کرلی جو اس کا بوائے فرینڈ بھی تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تلنگانہ کے ایک گاؤں میں نوجوان لڑکی کے اغوا کا واقعہ پیش آیا تھا۔ جس کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی منظر عام پر آگئیں اور پولیس کی دوڑیں لگ گئی تھیں۔

سی سی ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکی گھر سے بھاگتے ہوئے نکلتی ہے جس کے پیچھے آنے والا نوجوان اسے زبردستی کار میں بٹھاتا ہے۔ چاروں نقاب پوش اغوا کار لڑکی کو لیکر فرار ہوگئے۔

India 1

لڑکی کے والد نے کار کے پیچھے دوڑ بھی لگائی لیکن وہ بے سود ثابت ہوئی تاہم اغوا کے بارہ گھنٹے بعد ہی ایک ویڈیو میں لڑکی نے اغواکاروں میں سے ایک سے شادی کرنے کا بتا کر سب کو حیران کردیا۔

لڑکی نے بتایا کہ جب مجھے زبردستی کار میں بٹھایا گیا تو مجھے نہیں معلوم تھا کہ ان میں میرا بوائے فرینڈ بھی ہے۔ جیسے ہی اس نے نقاب اتارا تو مجھے معلوم ہوا۔

India 2

میرے والد اس شادی پر راضی نہیں تھے وہ ذات اور برادری سے باہر شادی نہیں کرنا چاہتے تھے۔ لڑکی نے مزید کہا کہ مجھے اغوا کے بارے پہلے سے نہیں پتہ تھا۔

تاہم بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ لڑکی کے لباس، جیولری وغیرہ سے لگتا ہے کہ تیاری پہلے سے کی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔