ڈونلڈ ٹرمپ کے این ایف ٹی کارڈ 50 لاکھ ڈالر میں نیلام

ویب ڈیسک  بدھ 21 دسمبر 2022
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 45000 این ایف ٹی کارڈ صرف 12 گھنٹے میں فروخت ہوگئے اور کل 50 لاکھ ڈالر کی رقم حاصل ہوئی ہے۔ فوٹو: بشکریہ سی نیٹ

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 45000 این ایف ٹی کارڈ صرف 12 گھنٹے میں فروخت ہوگئے اور کل 50 لاکھ ڈالر کی رقم حاصل ہوئی ہے۔ فوٹو: بشکریہ سی نیٹ

  واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مداحوں نے ان کے بنائے این ایف ٹی کارڈ بہت کم وقت میں 50 لاکھ ڈالر کی خطیر رقم میں خرید لیے۔

ایک کارڈ کی قیمت 99 ڈالر رکھی گئی تھی اور کل 45000 ایسے کارڈ پولی گون بلاک چین پر بنائے گئے تھے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ صرف 12 گھٹے میں تمام کارڈ فروخت ہوگئے۔ ٹرمپ کے مداحوں نے اسے پسند کیا اور ہاتھوں ہاتھ یہ ڈجیٹل ٹریڈنگ کارڈ خریدے گئے۔ این ایف ٹی کے سب سے مشہور آن لائن بازار اوپن سی کے مطابق یہ کارڈ ہاتھوں ہاتھ کامیابی سے فروخت ہوئے ہیں۔ تاہم خریداروں میں سے کئی ڈجیٹل تاجر بھی شامل تھے جو بعد میں اسے مہنگے داموں بیچیں گے۔

تاہم اسے بنانے والی کمپنی این ایف ٹی آئی این ٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹرمپ کا این ایف ٹی سے کوئی واسطہ نہیں اور نہ ہی یہ رقم 2024 میں ان کی انتخابات کی مہم میں خرچ ہوگی۔ تاہم یہی این ایف ٹی اصل سے چھ گنا قیمت میں 650 ڈالر میں بھی فروخت ہورہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی برس سے نان فنجیبل ٹوکن (این ایف ٹی) کی خرید و فروخت جاری ہے اور ان میں ایسی تصاویر، ویڈیو اور اینی میشن شامل ہوتی ہیں جن کے حقوق ایک مرتبہ ہی دیے جاتے ہیں اور انہیں بطورِ خاص بلاک چین پر بنایا جاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔