ایف بی آر معاشی صورت حال کو دیکھتے ہوئے مزید ٹیکس جمع کرے، وزیر خزانہ

ارشاد انصاری  بدھ 21 دسمبر 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو اسحاق ڈار نے ایف بی آر کی ٹیم پر معاشی نقطہ نظر سے ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق پوزیشن لینے پر زور دیتے ہوئے ٹیکس مزید جمع کرنے کی ہدایت پر زور دیا ہے۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں ایف بی آر کی ریونیو کارکردگی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برا ئے خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی برا ئے محصولات طارق محمود پاشا، چیئرمین ایف بی آر،ایف بی آرکے بورڈ ممبران اور فنانس ڈویژن کے دیگراعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے وزیر خزانہ کا ایف بی آر میں خیرمقدم کیا اور نومبر اور دسمبر 2022 کے مہینوں کے ریونیو اہداف اور ایف بی آر کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی کارکردگی و اعداد و شمار سے آگاہ کیا۔

انہوں نے وزیر خزانہ کو آگاہ کیا کہ ایف بی آر نے نومبر تک ریونیو اکٹھا کرنے کے اہداف کو عبور کر لیا ہے اور امید ظاہر کی کہ مالی سال 2022-23 کے بقیہ مہینوں میں اپنے اہداف کو کامیابی سے پورا کرلیا جائے گا۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایف بی آر کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اہداف کے حصول میں ایف بی آر کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے ایف بی آر کو ریونیو کی وصولی کے لیے اپنے فرائض کی انجام دہی میں اپنے مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر خزانہ نے ایف بی آر کی ٹیم پر معاشی نقطہ نظر سے ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق پوزیشن لینے پر بھی زور دیا اور ایف بی آر کو ہدایت کی کہ وہ ملک میں ٹیکس کی حقیقی ا ستعداد کے حصول کے لیے اپنی کوششوں میں اضافہ کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔