گلشن معمار سے 3 ملزمان گرفتار، بینک ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی، پولیس کا دعویٰ

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 3 اپريل 2014
ملزمان کے قبضے سے3ٹی ٹی پستول اور صرف6گولیاں برآمد ہوئیں، دیگر علاقوں سے ٹارگٹ کلر سمیت4ملزمان کو گرفتار۔ فوٹو: فائل

ملزمان کے قبضے سے3ٹی ٹی پستول اور صرف6گولیاں برآمد ہوئیں، دیگر علاقوں سے ٹارگٹ کلر سمیت4ملزمان کو گرفتار۔ فوٹو: فائل

کراچی: اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس نے حیرت انگیز طور پرگلشن معمار سے3ملزمان کوگرفتارکرکے بینک ڈکیتی کی واردات ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے3ٹی ٹی پستول اور صرف6گولیاں برآمد ہوئیں جو بینک ڈکیتی کیلیے آئے تھے،ایس آئی یو پولیس نے بینک ڈکیتی میں ملوث ملزمان کی تصاویر بھی جاری کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کیلیے انعام کی رقم کا بھی اعلان کیا ہے،پولیس نے دیگر علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلر سمیت4ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا، تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس نے گلشن معمار سیکٹرX-2سن سبیل چورنگی کے قریب چھاپہ مار کر 3 ملزمان محبوب ابڑو ، محمد ابراہیم کوری اور ذوالفقار چانڈیو کو گرفتار کر کے3ٹی ٹی پستول،6گولیاں اور چھینی گئی کلٹس کار برآمد کرلی ، ایس آئی یو پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم محبوب ابڑو اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ بینک ڈکیتی کی نیت سے گلشن معمار میں گھوم رہا تھاجبکہ کرائم ریکارڈ آفس کے مطابق ملزمان اندرون سندھ سمیت کراچی پولیس کو قتل ، اقدام قتل اوراغوا برائے تاوان سمیت دیگر جرائم میں مطلوب اور اشتہاری ہیں جبکہ تینوں ملزمان متعدد بار جیل جاچکے ہیں اور ضمانتوں پر رہا تھے۔

ایس آئی یو پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے کیا جانے والا دعویٰ کہ ملزمان بینک ڈکیتی کی نیت سے گھوم رہے تھے انتہائی حیران کن ہے جس کی وجہ ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والی 3 پستول سے ملنے والی صرف 6 گولیاں تھیں اور وہ بینک ڈکیتی کی واردات کرنے کیلیے گھوم رہے تھے جو کہ ایس آئی یو کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے ، ایس آئی یو پولیس کے مطابق سال 2012 میں تھانہ فیروز آباد کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران محبوب ابڑو گرفتار جبکہ اس کے 2 ساتھی لعل بخش بھٹی اور شبیر کلہوڑو ہلاک ہوئے تھے، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، دریں اثنا ایس آئی یو پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کی جانے والی بینک ڈکیتی کی وارداتوں میں بننے والی سی سی فوٹیج کی مدد سے وارداتوں میں ملوث 10 ملزمان کی تصاویر جاری کرتے ہوئے ان کی گرفتاری پر انعام کا بھی اعلان کیا ہے۔

سی آئی ڈی سول لائن انسداد فرقہ واریت سیل کے انچارج فیاض خان نے پولیس پارٹی کے ہمراہ کورنگی گودام چورنگی کے قریب چھاپہ مار کر ملزم عارف علی کو گرفتار کر کے ٹی ٹی پستول برآمد کرلی ، سی آئی ڈی پولیس کے مطابق ملزم نے تھانہ سکھن کی حدود میں میں عرس جمال اور نعمت قتل کیا تھا ، ایس ایچ او نیو کراچی چوہدری افضل نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر 2 ملزمان محمد مدنی اور کشور حسین کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستول اور تھانہ ٹیپو سلطان کی حدود سے چوری کیا ہوا رکشا برآمد کرلیا، شیر شاہ پولیس نے اکبر روڈ پر مقابلے کے بعد ایک ملزم علی مراد کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ ملزم کا دوسرا ساتھی فرارہوگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔