سلیمان شہباز کو منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات کیسز میں عبوری ضمانت مل گئی

کورٹ رپورٹر  جمعـء 23 دسمبر 2022
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 لاہور: ایف آئی اے سینٹرل عدالت اور احتساب عدالت لاہور نے وزیراعظم کے بیٹے سلیمان شہباز کی منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیسز میں عبوری ضمانت7 جنوری تک منظور کرلی۔  عدالت نے سلیمان شہباز کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔

احتساب عدالت کے جج قمر الزمان نے سلیمان شہباز شریف کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔سلیمان شہباز شریف نے احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے اورسرنڈر کیا۔ عدالت نے سلیمان شہباز کی عبوری ضمانت 5 لاکھ کے  مچلکوں کے عوض منظور کی۔

یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ اور  اثاثہ جات  کیسز میں سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور

فاضل عدالت نے سلیمان شہباز شریف کے وکیل سے استفسار کیا کہ سلیمان شہباز کا شناختی کارڈ عدالت میں پیش کیا جائے، جس پر  سلیمان شہباز شریف نے عدالت کو آگاہ کیا کہ میرے پاس شناختی کارڈ ابھی موجود نہیں ہے، میں معذرت خواہ ہوں آئندہ شناختی کارڈ لے کر آؤں گا۔  فاضل جج نے سلیمان شہباز سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ شناختی کارڈ کی آج ضرورت تھی یہ تو ہر وقت ساتھ ہونا چاہیے شناختی کارڈ ہی ہماری اصل شناخت ہے۔

واضح رہے کہ سلیمان شہباز بیرون ملک ہونے کے باعث منی لانڈرنگ ریفرنس میں اشتہاری ہوگئے تھے۔

بعد ازاں ایف آئی اے سینٹرل عدالت نے بھی منی لانڈرنگ کیس میں سلیمان شہباز کی عبوری ضمانت 7 جنوری تک کے لیے منظور کرلی۔سلیمان شہباز نے ایف آئی اے سینٹرل عدالت میں بھی خود کو سرنڈر کیا اور عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔