انگلینڈ سے شکست کے باوجود پاکستان کو کمزور نہیں سمجھتے، کیوی کوچ

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 23 دسمبر 2022
نئے کپتان ٹیم میں نئی اپروچ لے کرآئیں گے، گیری اسٹیڈ (فوٹو: ٹوئٹر)

نئے کپتان ٹیم میں نئی اپروچ لے کرآئیں گے، گیری اسٹیڈ (فوٹو: ٹوئٹر)

  کراچی: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں وائٹ واش کی شکست کے باوجود پاکستان کو کمزور حریف نہیں سمجھتے۔

کراچی میں پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کنڈیشنز نیوزی لینڈ سے بہت مختلف ہیں، ہم صورتحال کو دیکھتے ہوئے اسکواڈ منتخب کریں گے، حالیہ کارکردگی کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم میں تبدیلیاں ناگزیر تھیں، ہمیں اپنے اسکواڈ میں شامل کیے جانے والے نوجوان کھلاڑیوں سے بہت اچھی توقعات ہیں، امید ہے کہ وہ دورہ پاکستان میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔

مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ سے سیریز، قومی ٹیم کے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان

کیوی کوچ نے کہا کہ اسپنر ابرار احمد بہت زبردست بولنگ کررہے ہیں، ٹرینٹ بولٹ ہماری ٹیم کے ساتھ نہیں لیکن ہماری تمام تر توجہ اپنے دستیاب کھلاڑیوں پر مرکوز ہے، انگلینڈ کے خلاف سیریز میں وائٹ واش کے باوجود پاکستان کو ہرگز کمزور نہیں سمجھتے، پاکستان ایک اچھی ٹیم ہے اور اسے شکست دینا آسان نہیں ہوگا۔

گیری اسٹیڈ نے مزید کہا کہ کین ولیمسن نے کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ خود کیا، ولیمسن نے 6 سال ہر فارمیٹ کی کپتانی کی البتہ نئے کپتان ٹم ساؤتھی ٹیم میں نئی اپروچ لے کرآئیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔