ملک بھر میں مقدمات درج کرنے کے معاملے پر بار کونسلز سے معاونت طلب

ویب ڈیسک  جمعـء 23 دسمبر 2022
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 اسلام آباد: ہائی کورٹ نے ملک بھر میں متعدد مقدمات کے معاملے پر بار کونسلز کو معاونت کے لیے نوٹسز جاری کردیے ہیں۔

وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف کی پریس کانفرنس کے بعد سیکرٹری اطلاعات اور ایم ڈی پی ٹی وی کے خلاف مقدمات  پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے اہم قانونی نکتے پر عدالتی معاونت کے لیے وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل ، وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل، سپریم کورٹ بار اور اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدور کو نوٹسز ارسال کردیے ہیں۔

عدالت نے معانت طلبی کے نوٹسز میں سوال کیا ہے کہ کیا کسی پروگرام، وی لاگ، ٹوئٹ یا خبر کی نشر و اشاعت پر ملک بھر میں متعدد ایف آئی آرز درج ہو سکتی ہیں؟ بالخصوص جب پروگرام، وی لاگ اسلام آباد میں ریکارڈ کیا گیا مگر ملک کے مختلف حصوں میں دیکھا گیا ہو۔ اس نکتے پر بھی معاونت کریں کہ کیا پٹیشنرز کے خلاف مقدمات درج کیے جا سکتے ہیں یا نہیں؟۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کے حکم پر عدالتی معاونت کے لیے نوٹسز ارسال کردیے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔