کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ، درجہ حرارت 9 ڈگری تک جانے کا امکان

ویب ڈیسک  جمعـء 23 دسمبر 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: کراچی میں بلوچستان کی شمالی مشرقی ہوائیں چلنے کے سبب سردی میں اضافہ متوقع ہے جس کے باعث آئندہ دوروز کے دوران پارہ سنگل ڈیجیٹ میں ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین روز کے دوران سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں مکمل طورپرغیرفعال جبکہ بلوچستان کی شمال مشرقی سمت کی ہوائیں متواترچلنے کی توقع ہےجس کی وجہ سے شہر میں صبح و رات کے اوقات میں قدرے سردموسم ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق ہفتہ اوراتوار کے روز شہر کا پارہ 9سے10ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی 26سے28ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کو کم سے کم پارہ 10ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا،صبح کے وقت شہر کی فضاوں پرہلکی دھند چھانے کے سبب حدنگاہ کم ہوکر3کلومیٹررہ گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔