رضا رومی پر حملہ؛ قائمہ کمیٹی نے آئی جی پنجاب سے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی

ویب ڈیسک  جمعرات 3 اپريل 2014
یہ ایک جنگ ہے جس میں ہم سب کو فوج بن کر لڑنا ہوگا، وزیر اطلاعات پرویز رشید  فوٹو: ایکسپریس نیوز/فائل

یہ ایک جنگ ہے جس میں ہم سب کو فوج بن کر لڑنا ہوگا، وزیر اطلاعات پرویز رشید فوٹو: ایکسپریس نیوز/فائل

اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات نے چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب پولیس سے ایکسپریس نیوز کے اینکر پرسن رضا رومی پر حملے کی تحقیقاتی رپورٹ 24 گھنٹے میں طلب کرلی۔

قائمہ کمیٹی کا اجلاس مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی ماروی میمن کی زیر صدارت ہوا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے بھی شرکت کی، اجلاس کے دوران میڈیا کے سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا جبکہ پرویز رشید نے پنجاب پولیس کے کسی نمائندے کے پیش نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کمیٹی سے کہا کہ پولیس کے کسی نمائندے کا پیش ہونا کمیٹی سے مذاق کرنے کے مترادف ہے جس کا کمیٹی نوٹس لے، قائمہ کمیٹی نے چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی رضا رومی پر حملے کے واقعے کی تحقیقات رپورٹ اگلے 24 گھنٹوں کے اندر کمیٹی کو بھجوائی جائے۔

اجلاس کے دوران پرویز رشید نے اعتراف کیا کہ انتظامیہ ہر کسی کو سیکیورٹی دینے کی صلاحیت نہیں رکھتی، انہوں نے کہا کہ دھمکیاں سب کو ملتی ہیں مجھے بھی دھمکیاں دی گئیں لیکن یہ ایک جنگ ہے جس میں ہم سب کو فوج بن کر لڑنا ہوگا اور حکومت بھی ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مذاکرات کر رہی ہے جس کے جلد مثبت نتائج نکلیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔