کراچی ٹیسٹ؛ پاکستانی کرکٹرز کی بغیر کپتان مشقوں کا آغاز

زبیر نذیر خان  اتوار 25 دسمبر 2022
میڈیا کانفرنسز منسوخ،کیویز نے بھی بیٹنگ، بولنگ و فیلڈنگ پریکٹس سے لہو گرمایا۔ فوٹو: پی سی بی

میڈیا کانفرنسز منسوخ،کیویز نے بھی بیٹنگ، بولنگ و فیلڈنگ پریکٹس سے لہو گرمایا۔ فوٹو: پی سی بی

کراچی: کراچی ٹیسٹ کیلیے پاکستانی کرکٹرز نے بغیر کپتان مشقوں کا آغاز کردیا۔

کراچی ٹیسٹ سے قبل پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں نے گذشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں نیٹ پریکٹس کی، بابر اعظم اسٹیڈیم نہیں آئے۔

پی سی بی کے ترجمان نے بتایا کہ کپتان ایک روز کی تاخیر سے قومی اسکواڈ کا حصہ بنیں گے، دوسری جانب بیٹنگ کوچ محمد یوسف بھی نیٹ پریکٹس میں نہیں آئے، میزبان بیٹرز کو پریکٹس کا زیادہ مواقع فراہم کرنے کیلیے آف اسپنر ساجد خان کو بھی خصوصی طور پر نیٹ میں طلب کرلیا گیا، پریکٹس سیشن کے بعد دونوں ٹیموں کی میڈیا کانفرنسز منسوخ کر دی گئیں۔

پاکستانی کرکٹرز نے مشقوں کا آغاز وارم اپ ہوکر کیا، سرد موسم میں ہونے والے نیٹ سیشن میں ٹاپ آرڈر بیٹرز امام الحق اور عبداللہ شفیق نے نئی گیند سے طویل سیشن کیا، شان مسعود، کامران غلام، سعود شکیل اور سلمان علی آغا بھی اسٹروکس بہتر بنانے کیلیے کوشاں رہے۔

اسپنرز ابرار احمد، نعمان علی، زاہد محمود اور محمد نواز سازگار کنڈیشنز کا فائدہ اٹھانے کی مشق کرتے نظر آئے، پیسرز حسن علی،نسیم شاہ اور وسیم جونیئربھی ایکشن میں دکھائی دیے۔

کیویز بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس سے لہو گرماتے رہے، ٹیموں کی آمدورفت کے دوران راستوں کی کڑی نگرانی ہوئی، اسٹیڈیم اور اطراف میں سخت سیکیورٹی کا حصار نظر آیا، وینیو کی صفائی ستھرائی کا بیشتر کام مکمل کرلیا گیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔