کوئٹہ اور خضدار میں 3 دستی بم دھماکے 11 افراد زخمی

کوئٹہ کے سبزل روڈ اور سیٹلائٹ ٹاؤن میں دستی بم حملے میں مجموعی طور پر 11 افراد زخمی ہوئے


ویب ڈیسک December 25, 2022
دستی بم ایک دکان پر پھینکا گیا، واقعہ کی وجوہات کا تعین کیا جارہا ہے، سیکیورٹی ذرائع (فوٹو: فائل)

بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ کے سبزل روڈ اور سیٹلائٹ ٹاؤن میں دو دستی بم حملے ہوئے جس کے نتیجے میں خاتون اور بچے سمیت 11 افراد زخمی ہوئے جبکہ خضدار میں ہونے والے دھماکے میں دکانوں اور گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ پر دھماکا ہوا ہے جس میں کئی افراد زخمی ہوگئے، پولیس نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کیے گئے ہیں۔

یہ پڑھیں : بلوچستان؛ سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں دہشتگرد ہلاک، سپاہی شہید

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سبزل روڈ پر ایک دکان پر دستی بم سے حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں ایک مرد، ایک خاتون اور بچہ شامل ہیں، واقعے کی تفیش کی جارہی ہے اور حملے کی وجوہات کا تعین کیا جارہا ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق کوئٹہ سیٹلائٹ ٹاؤن بم دھماکے کے پانچ زخمی اسپتال لائے گئے ہیں جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے، ان میں محمد فاروق ولد منیر احمد عمر 22 سال، تنویر احمد ولد دوست محمد 18 سال، ثناء اللہ ولد امان اللہ عمر 33 سال اور دیگر شامل ہیں۔

کوئٹہ کے سیٹلائٹ ٹاؤن میں دوسرا دھماکا ہوا، جس میں 8 افراد زخمی ہوئے، واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا،

وزیراعلیٰ کا اظہار افسوس، زخمیوں کے علاج کی ہدایت

وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کی مذمت کرتے لوگوں کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلی نے زخمیوں کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آئی بی اوز جاری رکھے جائیں، شہر میں سیکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنایا جائے۔

دوسری جانب بلوچستان کے علاقے خضدار میں بھی دستی بم دھماکا ہوا جس میں گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق دھماکے میں گاڑیوں اور دکان کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دوسری جانب وزیر داخلہ بلوچستان ضیا اللہ لانگو نے دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد افغانستان سے دوبارہ منظم ہو کر واپس آگئے، دہشت گرد آج کے دن بلوچستان میں مختلف دہشت گردی کے واقعات میں ملوث رہے، دہشت گردوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس ادارے دہشت گردوں کے ٹھکانوں تک پہنچ گئے ہیں۔ دریں اثنا وزیر داخلہ نے تمام اداروں کو عوام کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے امن و امان سے متعلق ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں