اسلام آباد ہائیکورٹ نے نجم سیٹھی کی چیرمین پی سی بی تعیناتی پر وفاق سے جواب طلب کرلیا

ویب ڈیسک  جمعرات 3 اپريل 2014
ذکا اشرف کو عہدے سے ہٹانے کے لئے قانونی تقاضے بھی پورے نہیں کیئے گئے، درخواست گزار   فوٹو: فائل

ذکا اشرف کو عہدے سے ہٹانے کے لئے قانونی تقاضے بھی پورے نہیں کیئے گئے، درخواست گزار فوٹو: فائل

اسلام آ باد: ہائی کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ چیرمین تقرری کیس میں وفاقی حکومت سے نجم سیٹھی کی تعیناتی پر ایک بار پھر جواب طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس نورالحق قریشی پر مشتمل سنگل بنچ نے ملتان کرکٹ ایسوسی ایشن کے نمائندے احمد نواز کی درخواست پر پاکستان کرکٹ بورڈ چیرمین تقرری کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ذکا اشرف کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیرمین پی سی بی کے عہدے پر بحال کیا تھا لیکن اس کے باوجود وزیراعظم نے انہیں ہٹا کر نجم سیٹھی کو تعینات کردیا جب کہ ذکا اشرف کو عہدے سے ہٹانے کے لئے قانونی تقاضے بھی پورے نہیں یئے گئے لہذا نجم سیٹھی کو کام کرنے سے روکا جائے۔

کیس کی سماعت کے دوران جسٹس نورالحق قریشی نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ ذکا اشرف کو کن الزامات پر برطرف کیا گیا جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ چیرمین پی سی بی کی تقرری کا اختیار صرف وزیراعظم کو ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت اپریل کے آخری ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے ایک بار پھر نجم سیٹھی کی بطور چیرمین تقرری سے متعلق جواب داخل کرنے کا حکم دیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سماعت پر بھی عدالت نے نجم سیٹھی کی تقرری پر وفاقی حکومت اور چیرمین پی سی بی کو نوٹس جاری کئے تھے تاہم فریقین کی طرف سے جواب داخل نہیں کرایا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔