حکومت آئندہ غیر سودی بجٹ پیش کرے سراج الحق

اب یہ طے ہوگیا ہے کہ سود اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، امیر جماعت اسلامی پاکستان


ویب ڈیسک December 26, 2022
اب یہ طے ہوگیا ہے کہ سود اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، امیر جماعت اسلامی پاکستان

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ غیر سودی بجٹ پیش کرے۔

اسلام آباد میں حرمت سود اور عملی اقدامات سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سراج الحق نے کہا کہ سودی نظام شیطانی نظام ہے ، جس کے خلاف امریکی عوام بھی احتجاج کررہے ہیں۔

سراج الحق نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے امریکہ میں اجلاس کے دوران امریکی عوام نے ٹرکوں میں گوبر ڈال کر اجلاس کے باہر پھینکا، امریکی عوام نے سودی نظام کو گوبر قرار دیا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بیک وقت سودی اور غیر سودی نظام نہیں چل سکتے ، آج کا واضح اعلامیہ ہے کہ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلےپر عمل کیا جائے ، حکومت آئندہ بجٹ غیر سودی بجٹ پیش کرے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ اسحق ڈار نے ایک طرف سود کے خاتمے کے فیصلے کو خوش آئند کہا دوسری طرف اسٹیٹ بینک نے سود کی شرح بڑھا دی ، اسٹیٹ بینک تمام بینکوں کا ریگولیٹر ہے ، وہ مزید کسی بینک کو سودی نظام بینکاری چلانے کا لائسنس نہ دے ، اسٹیٹ بینک سودی بینکوں کو غیر سودی نظام ختم کرنے کا وقت دے ورنہ لائسنس منسوخ کرے۔

سراج الحق نے کہا کہ سود پر لیا گیا قرض کہاں لگا عوام کو بتایا جائے ، اگر حکمران سودی قرضوں کا حساب نہیں دے سکتے تو ان کی جائیدادیں فروخت کرکے رقم واپس لی جائے ، اب یہ طے ہوگیا ہے کہ سود اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سود کے خاتمے کے لئے ہم عوام کو سپریم کورٹ کے سامنے لاسکتے ہیں ، سپریم کورٹ سود کے حق میں دائر بینکوں کی اپیلیں واپس کرے ، وزیر خزانہ سودی نظام کے خاتمے کی باتیں نہیں عملی اقدامات کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں