کراچی حصص مارکیٹ، نئی تاریخ رقم، انڈیکس 28 ہزار پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرگیا

بزنس رپورٹر  جمعـء 4 اپريل 2014
کراچی اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کے دوران بروکر موبائل فون پر بات چیت کر رہا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

کراچی اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کے دوران بروکر موبائل فون پر بات چیت کر رہا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

کراچی: گورنمنٹ سیکیورٹیز کے آغاز سے چھوٹے بینکوں میں خریداری سرگرمیاں بڑھنے، اچھے اقتصادی اشاریے، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور ٹیکسٹائل سیکٹر کی کارکردگی بہتر ہونے جیسے عوامل کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو بھی نمایاں تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے نئی تاریخ رقم ہوگئی اور کے ایس ای 100انڈیکس 28000 پوائنٹس کا سنگ میل بھی عبور کرگیا جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن بھی پہلی بار 68.31 کھرب روپے کی بلند سطح تک پہنچ گئی۔

تیزی کے باعث 57.36 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 1کھرب5 ارب 31 کروڑ55 لاکھ35 ہزار 280 روپے کا مزیداضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا ہے کہ تیزی کا یہ تسلسل مزید چند سیشنز تک برقرار رہے گا، ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں و مالیاتی اداروں، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر 1کروڑ51 لاکھ 5 ہزار751 ڈالر کا انخلا بھی کیا گیا، اس کے باوجود کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی کیونکہ کاروباری دورانیے میں غیرملکیوں نے91 لاکھ81 ہزار842ڈالر، میوچل فنڈز 31 لاکھ43 ہزار473 اور این بی ایف سیزنے27 لاکھ80 ہزار 436 ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس404.34 پوائنٹس بڑھ کر28336.36 ، کے ایس ای30 انڈیکس 290.97 پوائنٹس بڑھ کر 20059.77 اور کے ایم آئی30 انڈیکس676.28 پوائنٹس  اضافے سے46594.97 ہوگیا، کاروباری حجم 79.72 فیصد زائد رہا،44 کروڑ90 لاکھ71 ہزار180 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار387 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں222 کے بھائو میں اضافہ، 141 کے داموں میں کمی اور24 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔