سرکاری زرمبادلہ ذخائر 8 ماہ کے بعد 5 ارب ڈالر سے متجاوز

بزنس رپورٹر  جمعـء 4 اپريل 2014
کمرشل بینکوں کے ریز روڈھائی کروڑ ڈالر کم، مجموعی ذخائر 9 ارب 86 کروڑ ڈالر رہے، ایس بی پی۔ فوٹو: فائل

کمرشل بینکوں کے ریز روڈھائی کروڑ ڈالر کم، مجموعی ذخائر 9 ارب 86 کروڑ ڈالر رہے، ایس بی پی۔ فوٹو: فائل

کراچی: زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 72کروڑ 4لاکھ ڈالر کے اضافے سے9ارب 86کروڑ 42لاکھ ڈالر کی سطح تک پہنچ گئے جبکہ 8 ماہ کے بعد مرکزی بینک کے ذخائر 5 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے جمعرات کو جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 28 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران مرکزی بینک کے ذخائر 74کروڑ 52 لاکھ ڈالر کے اضافے سے 5 ارب 17کروڑ 16 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے، اس سے قبل جولائی 2013میں سرکاری زرمبادلہ ذخائر کی مالیت 5ارب ڈالر سے زائد یعنی 5 ارب 20کروڑ 38لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق ایک ہفتے میں کمرشل بینکوں کے ذخائر 2کروڑ 48 لاکھ ڈالر کی کمی سے 4 ارب 69کروڑ 26لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے، زیرتبصرہ ہفتے کے دوران ملٹی لٹرل اور بائی لٹرل ذرائع سے 61کروڑ 11لاکھ ڈالر کی آمد زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کی وجہ بنی جس میں آئی ایم ایف سے ملنے والے 55کروڑ 60 لاکھ ڈالر شامل ہیں، اس ہفتے مجموعی طور پر 21کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی بیرونی ادائیگیاں بھی عمل میں لائی گئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔