جنوبی پنجاب سے کراچی آکر لوٹ مار کرنے والے دو ڈکیت گرفتار
ملزمان بینک یا اے ٹی ایم سے آنے والوں کو لوٹتے تھے اور جنوبی پنجاب فرار ہو جاتے تھے، سرغنہ غفار تاحال گرفتار نہ ہوسکا
سمن آباد پولیس نے بینک اور اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے والے شہریوں کے ساتھ لوٹ مار کرنے والے گروہ کے 2 کارندوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ، چار موبائل فونز اور ایک رکشہ برآمد کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ملزمان اللہ وسایا عرف واسو اور فقیر بخش کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا اور دونوں کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان وارداتیں کرنے کے بعد جنوبی پنجاب فرار ہو جاتے تھے جبکہ گروہ کا سرغنہ غفار ہے جو تاحال گرفتار نہ ہوسکا۔
گروہ کا سرغنہ غفار رکشہ میں بینک یا اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے والے شہریوں کو ٹارگٹ کرکے روکتا اور پیچھے موٹر سائیکل پر سوار ملزمان شہریوں کو لوٹ لیتے تھے۔
گرفتار ملزمان نے گلشنِ اقبال، عزیز بھٹی، جوہر آباد اور ملیر سٹی تھانوں کی حدود میں وارداتوں کا اعتراف کیا ہے اور پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کےتفتیش شروع کردی ہے۔
ملزمان نے سمن آباد کی حدود میں سپر برگر پر ایک شہری سے 1 لاکھ روپے اور موبائل فون چھینا تھا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے۔