عمران خان حملہ تحریک انصاف کا خود رچایا ڈراما ہے، وکیل ملزم نوید

کورٹ رپورٹر  جمعرات 5 جنوری 2023
جے آئی ٹی اگر درست تفتیش کرے تو معظم گوندل کا قاتل عمران خان کا گارڈ نکلے گا ، وکیل

جے آئی ٹی اگر درست تفتیش کرے تو معظم گوندل کا قاتل عمران خان کا گارڈ نکلے گا ، وکیل

 لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے میں ملزم نوید بشیر کے وکیل میاں داؤد نے عمران خان پر قاتلہ حملے کو جھوٹا قرار دے دیا۔

وکیل نے کہا کہ وزیر آباد حملے کا ڈرامہ پی ٹی آئی کا خود رچایا کھیل ہے ،،ملزم نوید پر معظم کا قتل ڈالنا نا انصافی ہے جے آئی ٹی وقوع کی درست سمت میں تفتیش کرتی تو سارا معاملہ کھل کر سامنے آجاتا۔

لاہور پریس کلب میں ملزم نوید بشیر کے وکیل میاں داؤد ایڈووکیٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری نے ملزم نوید کو بے گناہ قرار دیا ہے جبکہ فرانزک ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق معظم گوندل کا قتل نوید نے نہیں کیا، ملزم کو رہا کیا جائے ۔

میاں داؤد کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر سے قبل ہی جے آئی ٹی تشکیل دی گئی ، وزیر اعلی نے عمران خان کی خواہش پر غلام محمود ڈوگر کو سربراہ بنایا۔

وکیل کا مزید کہنا تھا کہ جے آئی ٹی شواہد کو ریکارڈ کا حصہ نہیں بنا رہی ، معظم گوندل کو گولی لگنے کی ویڈیو ریکارڈ کا حصہ نہیں بنائی گئی ، مجے آئی ٹی کا مقصد عمران خان اور انکے گارڈ کو بچانا ہے ، جے آئی ٹی اگر درست تفتیش کرے تو معظم گوندل کا قاتل عمران خان کا گارڈ نکلے گا جبکہ پولیس اہلکاروں کے بیانات غائب کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔

وکیل نے وزیر آباد حملے کو پی ٹی آئی کا اپنا رچایا ڈرامہ قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینٹر اعجاز چوہدری کو شامل تفتیش کرنے کا مطالبہ کردیا ۔

وکیل نے اعلان کیا کہ اس بات پر بھی غور کر رہے ہیں کہ وزیر آباد حملے میں قتل ہونے والے معظم گوندل کا استغاثہ عمران خان اور انکے گارڈ کے خلاف دائر کیا جائے.

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔