ملک کے مختلف شہروں میں 5.8 شدت کا زلزلہ

ویب ڈیسک  جمعرات 5 جنوری 2023
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

پشاور / مری: پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی ریکٹر اسکیل پر شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں شہریوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے۔ پشاور کے مختلف علاقوں کے علاوہ ہری پور، ایبٹ آباد، ڈیرہ اسماعیل خان، پنڈ دادن خان کے شہر اور مضافات میں رہنے والوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جس کے بعد وہ خوف کے عالم میں کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

اس کے علاوہ گلگت، بلتستان، باجوڑ سمیت دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ علاوہ ازیں ملکی کوہسار مری میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد وہاں ریسکیو 1122 کو الرٹ کردیا گیا جبکہ وادی لپہ اور فیصل آباد میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

خیبرپختونخواہ کے ضلع بونیر، دیر بالا، گلگت بلتستان کے علاقے غذر، گاہکوچ، یسین، پھنڈر، چترال، بٹگرام، ٹیکسلا، چکوال، منگلا، کوٹلی آزاد کشمیر، ملتان، ساہیوال اور لاہور سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز کوہ ہندو کش افغانستان اور گہرائی 173 کلومیٹر تھی۔

آخری اطلاعات تک زلزلے کے نتیجے میں کوئی مالی یا جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔