سب سے طویل عرصے تک اسرائیلی جیلوں میں قید کاٹنے والا فلسطینی رہا

ویب ڈیسک  جمعرات 5 جنوری 2023
—فوٹو:رائٹرز

—فوٹو:رائٹرز

مقبوضہ بیت القدس: سب سے طویل عرصے تک اسرائیلی جیلوں میں قید رہنے والے فلسطینی شہری کو رہا کر دیا گیا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی جیل حکام نے 40 برس قید کاٹنے والے 66 سالہ کریم یونس کو تل ابیب کے شمال میں واقع حدریم جیل سے رہا کیا۔ انہیں 1983 میں گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں مقبوضہ شام کی گولان کی پہاڑیوں میں ایک اسرائیلی فوجی کے قتل کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

کریم یونس کا تعلق اسرائیل کے اندر فلسطینی گاؤں آرا سے ہے، ان کی رہائی پر رشتہ داروں اور دوستوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے استقبال کیا۔ کریم یونس نے اپنی رہائی سے متعلق بتایا کہ انہیں اسرائیلی پولیس نے مختلف گاڑیوں کے درمیان منتقل کیا گیا اور تل ابیب کے شمال میں واقع قصبے میں چھوڑ دیا گیا جہاں سے وہ ایک راہگیر کی مدد سے اپنے خاندان سے رابطہ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق جس وقت انہیں اسرائیلی فورسز نے گرفتار کیا وہ فلسطینی جدوجہد میں ایک اہم شخصیت تھے اور انہیں فلسطینی سیاست میں ایک ابھرتا ہوا ستارہ سمجھا جاتا تھا  اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی اکثریت کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے سے ہے، کریم یونس بھی مقبوضہ مغربی کنارے کا شہری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔