ہاجرہ یامین نے محسن عباس کے ساتھ ویب سیریز میں کام کرنے کی وجہ بتادی

ویب ڈیسک  جمعرات 5 جنوری 2023
محسن عباس کو اپنی سابقہ اہلیہ پر گھریلو تشدد کے الزامات پر شدید تنقید کا سامنا ہے (فوٹو: فائل)

محسن عباس کو اپنی سابقہ اہلیہ پر گھریلو تشدد کے الزامات پر شدید تنقید کا سامنا ہے (فوٹو: فائل)

  کراچی: پاکستانی اداکارہ ہاجرہ یامین نے محسن عباس حیدر کے ساتھ ویب سیریز میں کام کرنے پر وضاحت دی ہے۔

انڈین فاشزم پر مبنی ویب سیریز ’سیوک‘ میں ہاجرہ یامین ایک بھارتی صحافی کا کردار ادا کررہی ہیں جبکہ اس سیریز میں محسن عباس بھی موجود ہیں۔

اداکار محسن عباس کو اپنی سابقہ اہلیہ پر گھریلو تشدد کے الزامات پر شدید تنقید کا سامنا ہے اور ان الزامات نے ان کے شوبز کیریئر کو داؤ پر لگادیا ہے۔

Sevak

پاکستانی انڈسٹری کے متعدد اشخاص نے ان کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا اور تازہ ترین واقعے میں میزبان رابعہ انعم نے ایک ٹی وی شو میں ان کے ساتھ بیٹھنے سے معذرت کرلی تھی۔

ہاجرہ یامین کا محسن عباس کے ساتھ  کام کے متعلق سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ ہماری شوبز انڈسٹری میں خواتین کیلئے ویسے ہی محدود کردار موجود ہیں اور وہ نہیں چاہتی تھیں کہ ایک دلچسپ اور انوکھا کردار چھوڑ دیں۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک ان کو اختیار ہوگا وہ کسی ایسے پروگرام یا ایوارڈ شو میں شرکت نہیں کریں گی جہاں اس طرح کے مبینہ گھریلو تشدد کے ملزم موجود ہوں لیکن وہ اپنی پیشہ وارنہ زندگی کو نہیں چھوڑ سکتیں اور جب ان کو موقع ملا وہ منفرد کردار ضرور ادا کریں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔