کبریٰ خان سوشل میڈیا پر اپنے خلاف تضحیک آمیز مہم چلانے پر عدالت پہنچ گئیں

ویب ڈیسک  جمعـء 6 جنوری 2023
(فائل فوٹو)

(فائل فوٹو)

کراچی: اداکارہ کبریٰ خان نے سوشل میڈیا پر ان کے خلاف نازیبا الزامات اور تضحیک آمیز مہم چلانے پر عدالت سے رجوع کر لیا۔

کبریٰ خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرائی جانے والی درخواست شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے عادل راجہ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کر دیا ہے۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ یہ وقت ان کے اور ان کے خاندان کیلئے اس قدر مشکل ہے کہ وہ لفظوں میں  بیان نہیں کر سکتیں، اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں سمجھ نہیں آرہا کہ کوئی ان کے ساتھ ایسا کیوں کر رہا ہے۔

کبریٰ خان کا کہنا تھا کہ یہ بات واضح کر دی گئی تھی کہ میرا نام یا نام کے شروع کے حروف کی غلط تشریح کی گئی ہے، لیکن اس کے باوجود بھی مجھے اب بھی ہراسانی کا سامنا ہے۔


View this post on Instagram

A post shared by Kübra Khan (@thekubism)

اداکارہ  نے مزید لکھا کہ میری تصویروں کو اس طرح کے نامناسب طریقے سے استعمال کیا جا رہا تھا اور پھر مجھے احساس ہوا کیونکہ کسی نے کبھی اسے روکا نہیں اور کیونکہ ہم خاموش رہنے کے عادی ہیں جب تک ایک  کہانی مر نہیں جاتی اور دوسری کوئی کہانی شروع نہیں ہوجاتی ہم خاموش رہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ لوگ ہماری خاموشی کا فائدہ اُٹھاتے ہیں۔

کبریٰ کا کہنا تھا کہ وہ صرف اپنے لئے ہی نہیں بلکہ ہر اس محنتی اور خود مختار عورت کےلئے آواز اٹھا رہی ہیں جنہیں محنت کرنے کے بعد بھی روزانہ ہراسانی کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور ان کی توہین کی جاتی ہے۔


View this post on Instagram

A post shared by Kübra Khan (@thekubism)


کبریٰ خان نے کہا کہ بحیثیت پاکستانی میں اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے اپنی عزت اور وقار کے لیے قانون پر بھروسہ کر رہی ہوں اور  اپنے معاملے کو آپ کے قانون کے اور اللہ کے حوالے کے کر رہی ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: عادل راجا کے نازیبا الزامات پر معروف اداکاراؤں کا ردِعمل سامنے آگیا

یاد رہے کہ ویلاگر عادل راجہ کی جانب سے پاکستان کی صفِ اول کی اداکاراؤں  کا نام لیے بغیر ان پر غیر اخلاقی الزامات عائد کیے گئے تھے  جس پر اداکاراؤں کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آیا تھا۔

اداکاراؤں کی جانب سے عادل راجہ کے الزامات کی شدید مذمت کی گئی تھی جبکہ کبریٰ خان نے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔