لیاری گینگ وار کے مرکزی ملزم زاہد لاڈلا سمیت 5 کارندے گرفتار

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 5 اپريل 2014
بابا لاڈلا کا بھائی زاہد 80 سے زائد قتل، پولیس مقابلے ،اغوا ،بھتہ خوری اور مختلف جرائم میں پولیس کو انتہائی مطلوب ملزم تھا۔ فوٹو: فائل

بابا لاڈلا کا بھائی زاہد 80 سے زائد قتل، پولیس مقابلے ،اغوا ،بھتہ خوری اور مختلف جرائم میں پولیس کو انتہائی مطلوب ملزم تھا۔ فوٹو: فائل

کراچی: رینجرز اور پولیس نے لیاری گینگ وار کے مرکزی ملزم نور محمد عرف بابا لاڈلا کے بھائی زاہد لاڈلا سمیت5ملزمان کو حراست میں لے ان کی نشاندہی پر بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے زاہد لاڈلا کے پکڑے جانے سے لاعلمی ظاہر کر رہے ہیں، ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ڈیفنس کے علاقے خیابان بدر میں ایک مقام پر چھاپہ مار کر لیاری گینگ وار کے ایک گروپ کے سرغنہ نور محمد عرف بابا لاڈلہ کے بھائی زاہد لاڈلا کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ، پولیس اور رینجرز مذکورہ گرفتاری سے لاعلمی ظاہر کررہی ہے، واضح رہے کہ زاہد لاڈلہ 80 سے زائد افراد کے قتل، پولیس مقابلے، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور مختلف جرائم میں پولیس کو انتہائی مطلوب ملزم ہے۔

رینجرز اور پولیس نے لیاری کے علاقے موسیٰ لین گلی نمبر 5 میں ایک رہائشی عمارت سے شیراز کامریڈ کے کارندے بابر پٹنی عرف گنجا کو حراست میں لے کر اس کی نشاندہی پر مشکی نامی شخص کو حراست لیا جبکہ ان دونوں کی نشاندھی پر بغدادی کے علاقے موسیٰ لین میں قائم بیلہ بلوچ کے ٹھکا نے پر چھاپہ مار ا تاہم گرفتاری عمل میں نہیں آئی تاہم رینجرز اور پولیس نے بیلہ بلو چ کے ٹھکانے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور دستی بم برآمد کر لیے،حراست میں لیے جانے والے ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیاگیا ، مبینہ ٹائون پولیس نے مبینہ پولیس مقابلے کے بعد 3 ملزمان بشیر،حبیب اﷲ اور فیض اﷲ کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔