پنجاب میں گندم اور آٹے کی قیمتوں نے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے

رضوان آصف  ہفتہ 7 جنوری 2023
بحران کی وجہ صوبائی حکومتوںکا امپورٹڈ گندم کی ضروریات کا غلط تخمینہ کرنا ہے
 فوٹو فائل

بحران کی وجہ صوبائی حکومتوںکا امپورٹڈ گندم کی ضروریات کا غلط تخمینہ کرنا ہے فوٹو فائل

 لاہور: پنجاب میں گندم اور آٹے کی قیمتوں نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ 

گندم اور آٹا مارکیٹ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں جاری بحران کی وجہ صوبائی حکومتوں کی جانب سے امپورٹڈ گندم ضروریات کا غلط تخمینہ اور وفاقی حکومت کی جانب سے تاخیر کے ساتھ گندم امپورٹ کرنا ہے۔

پنجاب میں جاری بحران کے خاتمہ کے لیے مزید تاخیر کیے بغیر فلورملز کا یومیہ کوٹہ 2 برس پہلے کی سطح یعنی 24 ہزار ٹن سے زیادہ کرنا پڑے گا اور آنے والے رمضان پیکیج کے لیے 2 لاکھ ٹن گندم بچانے کے لیے حیلے بہانوں کو ترک کرنا ہوگا بصورت دیگر نجی گندم کی قیمت 6 ہزار روپے فی من اور نجی آٹا تھیلا کی قیمت3  ہزار روپے تک پہنچ سکتی ہے۔

پنجاب میں گندم اور آٹا کی قیمتوں نے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں، پنجاب میں نجی گندم کی قیمت 5200 روپے فی من اور 15 کلو نجی آٹا تھیلے کی پنجاب میں قیمت2100  روپے تک جاپہنچی ہے۔

پشاور اسمگلنگ کیلیے سرکاری آٹا تھیلا کی قیمت 2700 روپے ہو گئی ہے، خیبر پختونخواہ حکومت کی جانب سے فلورملز کو کم گندم کی فراہمی کے سبب پنجاب سے گندم آٹا کی اسمگلنگ میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے، قیمتوں میں اضافہ کے بعد نجی اور سرکاری گندم کی فی بوری قیمت میں فرق 7 ہزار روپے سے بڑھ گیا ہے۔

گندم آٹا بحران کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

دریں اثنا گندم آٹا بحران کی اندرونی کہانی سامنے آئی ہے جس کے مطابق وفاق اور پنجاب میں سیاسی رسہ کشی نے گندم امپورٹ میں مسائل پیدا کیے، محکمہ خوراک پنجاب امپورٹڈ گندم ضروریات کا درست تخمینہ نہ لگاسکا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب نے پہلے 5 لاکھ ٹن گندم فراہمی کا مطالبہ کیا پھر بڑھا کر 10 لاکھ ٹن کردیا، وفاقی حکومت 10 لاکھ ٹن پر زبانی رضامندی ظاہر کرتی رہی پھر انکار کر دیا، پنجاب کو 5 لاکھ ٹن گندم فراہمی کا فیصلہ تاخیر سے کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ سرکاری گندم آٹا کوٹا اور قیمت بھی حکومتی تبدیلی کے ساتھ بدلتی رہی، عثمان بزدار نے آٹا قیمت 1100 روپے تھیلا اور گندم قیمت 1950 روپے مقرر کی جب کہ حمزہ شہباز آئے تو آٹا قیمت 980 اور گندم قیمت 1765 کردیا گیا بعدازاں پرویز الٰہی نے آٹا قیمت 1295 اور گندم قیمت 2300 کردی۔

محکمہ خوراک کے حکام گندم قلت کے سبب یومیہ گندم کوٹا کو بروقت نہ بڑھا سکے، پنجاب کو اس وقت یومیہ 25 ہزار ٹن گندم کوٹا چاہیے لیکن 21 ہزار فراہم کیا جارہا ہے۔

اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں مسلسل اضافہ جاری ہے، چکی مالکان نے آٹا قیمت بڑھا کر 160 روپے فی کلو کر دی ہے جب کہ پنجاب میں 15 کلو نجی آٹا تھیلا کی قیمت بڑھ کر 2155 روپے ہو گئی ہے۔

سرکاری آٹا کی قلت کے سبب ٹرکنگ پوائنٹس پر عوام کا بے حد رش ہوگیا ہے، محکمہ خوراک نے یومیہ کوٹا 24 ہزار ٹن کرنے پر غور کردیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔