سرفراز احمد نے ریکارڈز سے کم بیک سیریز کو یادگار بنالیا

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 7 جنوری 2023
مسلسل میچز میں 20سے زائد رنز اسکور کرنے والوں میں سعود کا دوسرا نمبر (فوٹو: ٹوئٹر)

مسلسل میچز میں 20سے زائد رنز اسکور کرنے والوں میں سعود کا دوسرا نمبر (فوٹو: ٹوئٹر)

لاہور: سرفراز احمد نے ریکارڈز سے کم بیک سیریزکو یادگار بنا لیا، وہ 3یا کم ٹیسٹ میچز کی سیریز میں زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی وکٹ کیپر بن گئے۔

نیوزی لینڈ سے ہوم سیریز میں سرفراز احمد کی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی،انھوں نے اس موقع کو شاندار کارکردگی سے یادگار بنا لیا،سرفراز 3 یا کم میچزکی سیریزمیں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی وکٹ کیپر بیٹربن گئے، انھوں نے 2مقابلوں میں 317 رنز بنائے،وہ مسلسل 3ففٹیز کے بعد سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے۔

سرفراز احمد سب سے زیادہ اوسط کے مالک وکٹ کیپر بیٹر بھی بن گئے،انھوں نے گذشتہ روز کیریئر بیسٹ 118رنز بنائے اور 90اننگز میں 38.85کی اوسط سے مجموعی رنز کی تعداد 2992کرلی، ان میں 4سنچریاں اور 21ففٹیز شامل ہیں۔

محمد رضوان نے 43اننگز میں 38.13کی ایوریج سے 1373رنز بنائے، ان میں 2سنچریاں اور 7ففٹیز شامل ہیں، تیسرے نمبر پر کامران اکمل نے 92اننگز میں 30.37کی اوسط سے 2648رنز اسکور کیے ہیں۔

دریں اثنا سعود شکیل مسلسل اننگز میں 20سے زائد رنز بنانے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے،انھوں نے گذشتہ 10اننگز میں 20یا اس سے زائد رنز بنائے، ویسٹ انڈین ایورٹن ویکس نے مسلسل 14اننگز میں یہ اعزاز پایا تھا، سعود شکیل نے آسٹریلوی سڈ بیرن اور کیتھ ملر کو پیچھے چھوڑا، پاکستان نے کسی ٹیسٹ میچ کے آخری روز زیادہ اسکور کا اپنا ریکارڈ بہتر کرلیاْ

میزبان ٹیم نے نیوزی لینڈ کیخلاف 9وکٹ پر 304 رنز بنائے، اس سے قبل شارجہ ٹیسٹ 2014میں سری لنکا کیخلاف 302رنز اسکور کیے تھے، لیڈ ٹیسٹ 1948میں انگلینڈ کیخلاف 404رنز بنانے والا آسٹریلیا سرفہرست ہے، مجموعی طور پر 7بار آخری روز 300 سے زائد رنز بنے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔