کسٹم کا لانچ پر چھاپہ، 17 کروڑ کی منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

بزنس رپورٹر  ہفتہ 7 جنوری 2023
ریڑھی گوٹھ میں کھلے سمندر میں کارروائی کے دوران مشکوک لانچ سے برآمد شدل 10 کلو گرام ایمفیٹائن کرسٹل اور 200 کلو گرام چرس (فوٹو : کسٹم)

ریڑھی گوٹھ میں کھلے سمندر میں کارروائی کے دوران مشکوک لانچ سے برآمد شدل 10 کلو گرام ایمفیٹائن کرسٹل اور 200 کلو گرام چرس (فوٹو : کسٹم)

  کراچی: پاکستان کسٹمز اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے پاکستان سے سمندری راستے منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

ذرائع نے بتایا کہ کسٹم حکام نے ریڑھی گوٹھ کھلے سمندر میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سمندر میں کھڑی مشکوک لانچ کی جانچ پڑتال کی جس سے 210 کلوگرام منشیات برآمد ہوئی۔ مشکوک لانچ سے 10 کلو گرام ایمفیٹائن کرسٹل اور 200 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔

پکڑی جانے والی منشیات کی مجموعی مالیت 17 کروڑ روپے ہے۔ کسٹم حکام نے مقدمہ درج کرکے منشیات اور لانچ ضبط کرلی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی لانچ کی مالیت 50 لاکھ روپے ہے۔ حکام نے لانچ اور منشیات اے ایس او ہیڈکوارٹر گھاس بندر منتقل کردی ہے اور مزید تفتیش کرتے ہوئے ملوث عناصر کو گرفتار کرنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔