نائب کپتان شان مسعود کھیلیں گے یا نہیں، بابراعظم کا بڑا بیان سامنے آگیا

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 8 جنوری 2023
سرفراز احمد کے چار سال ضائع ہونے پر مجھے کوئی پچھتاوا نہیں (فوٹو: پی سی بی)

سرفراز احمد کے چار سال ضائع ہونے پر مجھے کوئی پچھتاوا نہیں (فوٹو: پی سی بی)

  کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے نائب کپتان شان مسعود کو نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل میں کھلانے کے حوالے سے بڑا بیان دیدیا۔

کراچی میں ون ڈے سیریز سے قبل پری میچ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نائب کپتان شان مسعود کو کھلانے یا نہ کھلانے کا فیصلہ میچ سے قبل ہوگا، کپتان اور سلیکٹرز کا ایک پہ ایک پیج پر ہونا بہت ضروری ہے۔

بابراعظم نے کہا کہ ٹیسٹ اور وائٹ بال کرکٹ کے لیے الگ الگ ٹیمیں ہونی چاہیے ہیں تاہم میرا کام کرکٹ کھیلنا ہے مجھے اپنی ذمہ داری کا پتہ ہے، مطمئن کرنا میرا کام نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے وائٹ بال کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے،ہم نئے سال میں اس کا تسلسل برقرار رکھنا چاہتے ہیں، ہماری کوشش ہو گی کہ مثبت کرکٹ کھیلیں۔ طیب طاہر اور کامران غلام نے اچھی پرفارمنس دیں،حارث رؤف، نسیم شاہ، محمد حسنین اور شاہنواز دھانی کی واپسی سے ہماری بولنگ مضبوط ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں: بابراعظم ون ڈے کیلیے شان مسعود کو نائب کپتان بنانے کے فیصلے سے لاعلم تھے

بابراعظم نے کہا کہ سرفراز احمد نے ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، انہوں نے ہمت نہیں ہاری، اپنے حق کا انتظار کیا اور موقع ملنے پر اپنی اہلیت ثابت کی،ایک اچھے اور عظیم کھلاڑی کی یہی نشانی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد کے چار سال ضائع ہونے پر مجھے کوئی پچھتاوا نہیں،کپتان اور سلیکٹرز کا ایک پیج پر ہونا بہت ضروری ہوتا ہے، ان کے درمیان کمیونیکیشن ہونی چاہیے۔

ٹیسٹ کرکٹ اور وائٹ بال کرکٹ کے لیے الگ الگ ٹیمیں ہونی ضروری ہے لیکن ہم اپنے کھلاڑیوں کی انجریز کی وجہ سے ایسا نہیں کرسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔