کراچی میں لوٹ مار عروج پر مزاحمت پر آج بھی چار شہری زخمی

ڈاکوؤں نے آج کورنگی سو کوارٹر، بلدیہ ٹاؤن دو نمبر، بلدیہ 24 مارکیٹ اور غریب آباد میں مزاحمت پر شہریوں پر فائرنگ کی


Staff Reporter January 08, 2023
(فوٹو فائل)

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں نے دوران لوٹ مار مزاحمت کرنے پر چار شہریوں کو زخمی کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں اسٹریٹ کرائمز اپنے عروج پر ہیں، ڈاکوؤں کی جانب سے شہریوں کو لوٹ مار کے دوران فائرنگ کرکے ہلاک کرنے یا زخمی کرنے کا سلسلہ معمول بن چکا ہے، آج بھی فائرنگ سے چار شہری زخمی ہوئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی سو کوارٹر چار پول کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا اور فرار ہوگئے۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی کی شناخت 24 سالہ محمد جنید ولد محمد اشرف کے نام سے ہوئی۔

بلدیہ ٹاؤن کے علاقے دو نمبر جلی ہوئی فیکٹری کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران مزاحمت پر 28 سالہ عبدالوارث ولد عبدالرشید کو زخمی کردیا جسے امداد کے لیے سول اسپتال لایا گیا۔

مدینہ کالونی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن 24 مارکیٹ فیصل بیکری کے قریب ڈاکوؤں نے مزاحمت پر 35 سالہ شیراز علی ولد عمران علی کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔

اسی طرح سہراب گوٹھ تھانے کے علاقے ایوب گوٹھ سے غریب آباد جاتے ہوئے ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر نامعلوم مسلح ملزمان نے 28 سالہ مہربان ولد عبدالستار کی ٹانگ پر گولی مار دی۔ سہراب گوٹھ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رقم چھینے کی واردات کے دوران پیش آیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں