پولیس مقابلوں میں دو زخمی ڈاکو گرفتار، سبزی منڈی کے اطراف سرچ آپریشن

ویب ڈیسک  اتوار 8 جنوری 2023
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

  کراچی: زمان ٹاؤن اور عوامی کالونی میں پولیس مقابلوں کے بعد دو ڈاکو زخمی حالت میں پکڑے گئے، سبزی منڈی کے اطراف رینجرز و پولیس نے سرچ آپریشن میں متعدد افراد اور افغانیوں کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق زمان ٹاؤن پولیس نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کورنگی ساڑھے پانچ تسلیم گراؤنڈ کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ڈاکو کی شناخت 24 سالہ حارث ولد جاوید کے نام سے کی گئی، ملزم کا ایک ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا، گرفتار ڈاکو سے ایک پستول مع ایمونیشن، موبائل فونز اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔

اسی طرح عوامی کالونی پولیس نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تسلیم گراؤنڈ کورنگی نمبر ڈیڑھ سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا اور اسے بھی جناح اسپتال لایا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ڈاکو کی شناخت 29 سالہ وقار علی ولد رحیم داد کے نام سے ہوئی، ملزم سے ایک پستول مع ایمونیشن، موبائل فون، نقدی اور ایک موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے، ملزم کا دوسرا ساتھی فرار ہوگیا۔

سبزی منڈی و اطراف میں سرچ آپریشن، اسٹریٹ کرمنلز اور افغانی گرفتار

سپر ہائی وے پولیس اور رینجرز نے بسم اللہ مارکیٹ کے اطراف میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب سرچ آپریشن کیا ، آپریشن سے قبل علاقے کے آنے جانے والے راستوں پر سخت پہرے لگانے کے بعد گھر گھر تلاشی لی گئی۔ آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کیا، آپریشن بسم اللہ مارکیٹ، جنجال گوٹھ، چاول گودام اور آکاخیل کے علاقے میں کیا گیا، آپریشن کے دوران متعدد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ملزمان، ڈاکو اور غیر قانونی طور پر مقیم افغانی شامل ہیں، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔