ڈیجیٹل مردم شماری کے حوالے سے بڑی پیشرفت

 اتوار 8 جنوری 2023
فوٹو فائل

فوٹو فائل

ملک میں آئندہ ہونے والی ڈیجیٹل مردم شماری کے حوالے نادرا نے 17 ہزار 600 مشینوں کی آخری کھیپ ادارۂ شماریات کے حوالے کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین نادرا طارق ملک نے ادارہ شماریات پاکستان میں 17,600 محفوظ ٹیبلٹس کی آخری کھیپ چیف شماریات ڈاکٹر نعیم ظفر کے حوالے کیں، مردم و گھر شماری کی ساتویں’’ڈیجیٹل مردم شماری‘‘ کے انعقاد سے پہلے ایک بڑا حصہ اینڈرائیڈ ٹیبلٹس کی ترسیل تھا۔ نادرا نے 21,600 ٹیبلٹس کو 40 کنٹینرز کے ذریعے ہارڈ ویئر کی بروقت اسمبلنگ اور ڈیلیوری کو یقینی بنایا ہے۔

چیئرمین نادرا نے ادارہ شماریات کے ہیڈ کوارٹرز میں سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ فیسیلیٹی، ہارڈ ویئر ہارڈننگ اسمبلی لائن اور ڈسپیچ فیسیلیٹی ہاؤس کا اتوار کو دورہ کیا۔ ملک بھر میں مردم شماری کے 495 اضلاع میں ان ٹیبلٹس کی ترسیل ایک مشکل مرحلہ تصور کیا جا رہا تھا مگر نادرا نے بالترتیب 932 مقامات پر 90,000 سے زیادہ شمار کنندگان کی ٹریننگ کی تکمیل کے لیے 09 دنوں میں بڑی مشق کو کامیابی سے مکمل کر لیا۔

چیئرمین نادرا طارق ملک نے 100 سے زائد ماہرین پر مشتمل نادرا کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ،جنہوں نے مقررہ وقت میں 1,26,000اینڈرائیڈ ٹیبلٹس کی اسمبلنگ اور تقسیم کا ایک اہم سنگ میل کامیابی سے عبور کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری وہ قدم ہے جو ملک کو قدیم  ماضی سے نکال کر جدید مستقبل کی جانب گامزن کرے گا۔ انہوں نے کہا لاکھوں کاغذی شیٹس پر لکھے ہوئے جوابات سے لے کر سیٹلائٹ امیجری کے ساتھ محفوظ آلات پر ایپس میں ریئل ٹائم توثیق شدہ ڈیٹا تک ڈیجیٹل پاکستان کی طرف ایک قدم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری کا بگ ڈیٹا (بڑا ڈیٹا) پاکستان کے لیے شواہد پر مبنی پالیسی سازی کا بنیادی نظام بن جائے گا۔

نادرا نے اس کام کو قومی فریضہ سمجھتے ہوئے صرف تین ہفتے کے عرصے میں جدید چست طریقہِ کار پر عمل پیرا ہوتے ہوئے مردم شماری کے لیے ڈیجیٹل حل تیار کیا۔  ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے خصوصی مکمل ڈیجیٹل نظام میں اینڈرائیڈ پر مبنی گھر شماری اور گنتی پر مبنی ڈیجیٹل ایپ کی تیاری اور تعیناتی بھی شامل ہے جو گلوبل پوزیشننگ سسٹم اور جغرافیائی انفارمیشن سسٹم کے ساتھ ہم آہنگ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ نادرا ادارہ ِ شماریات کے لئے مزید خدمات بھی فراہم کر رہا ہے جس میں ڈیٹا سینٹر کی تعیناتی، کال سینٹر کا قیام، ہر تحصیل کی سطح پر تکنیکی معاونت کے مراکز کا قیام اور دیگر متعلقہ خدمات میں عوام لے لئے ویب پورٹل بھی شامل ہے۔

اینڈرائیڈ پر مبنی مردم شماری، ڈیجیٹل ایپلیکیشن میں بغیر کسی ڈیٹا کی مطابقت پذیری کی خصوصیت کے علاوہ آن لائن اور آف لائن کی سہولت بھی میسر ہے۔ یہ نظام مردم شماری کے تینوں مراحل یعنی مردم شماری سے پہلے، مردم شماری کے دوران اور مردم شماری کے بعد کے مرحلے میں ادراہ شماریات پاکستان کو مدد فراہم کرے گا۔

نادرا پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے انعقاد میں ادارہ شماریات پاکستان کا تکنیکی شراکت دار ہے۔ اس بڑی قومی ذمہ داری میں نادرا کا مینڈیٹ مردم شماری کے انعقاد کو قابل ِذکر کامیابی بنانے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق خدمات فراہم کرنا ہے۔ جس کے نتیجے میں مردم شماری کے عمل کو مزید شفاف بنایا جائے گا اور ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹلائزیشن کو شامل کرکے پاکستان کی تمام آبادی کے درست اعداد و شمار کو یقینی بنایا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔