کراچی میں ہزارہ کلچر ڈے کی مناسبت سے ریلی کا انعقاد

ویب ڈیسک  اتوار 8 جنوری 2023
کراچی میں ہزار کلچر ڈے کے موقع پر امن ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے۔ فوٹو: کامران خان

کراچی میں ہزار کلچر ڈے کے موقع پر امن ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے۔ فوٹو: کامران خان

کراچی میں ہزارہ کلچر ڈے کی مناسبت سے امن ریلی کا انعقاد ہوا جس میں ہزارہ برادری کے ذمے داران کے علاوہ عام ہزارہ نوجوانوں اوربزرگوں نے شرکت کی۔

پاکستان میں آج علاقائی سطح پر ہزارہ کلچر ڈے منایا گیا تھا ۔ اس مناسبت سے کراچی سمیت مختلف شہروں میں پر امن ریلیاں نکالی گئیں جب کہ کراچی میں بھی الگ الگ ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔

کراچی کے علاقے قائدآباد سے ہزارہ کلچر ڈے چیف آرگنائزر وجاحت علی ربانی اور سید عمران شاہ  کی قیادت میں شاہراہ فیصل تک پر امن ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں کی نے شرکت کی۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں بچے اور بوڑھے بھی ریلی میں شامل تھے جنہوں نے ثقافتی لباس زیب تن کیے ہوئے تھے۔

ہزارہ کلچر ڈے کے حوالے سے منقعد کردہ اس پروگرام میں نوجونواں کی بڑی تعداد نے قافلے کی شکل میں شاہراہ فیصل تک پر امن مارچ کیا جب کہ نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر روایتی رقص کرکے بھرپور خوشی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر سے ہزارہ کلچر ڈے چیف آرگنائزر وجاہت علی ربانی نے اپنی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں خاص طور پر نوجوانوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے بڑی تعداد میں ہماری ثقافتی تقریبات میں شرکت کرکے نہ صرف اس کو کامیاب بنایا بلکہ ہماری پر امن ریلی کو بھی چار چاند لگادیے، ہمارا اصل مقصد اپنی شناخت اور کلچر کو فروغ دینا تھا جس کے لیے کامیاب پروگرام منعقد کیا گیا۔

دوسری جانب سید عمران شاہ کا کہنا تھا کہ میں کراچی میں بسنے والے تمام ہزارے والوں کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے ہزارہ کلچر ڈے کے موقع پر یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہماری قائدآباد کی اس پر امن ریلی میں شرکت کی اور زندہ دل قوم ہونے کا ثبوت دیا۔

سید عمران شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ہزارہ کلچر ڈے کے موقع پر ہماری ریلی میں نوجوان نسل نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے پورے شہر کو ایک مثبت پیغام دیا ہے اور یہ بتایا ہے کہ اس شہر میں بسنے والے کہ لاکھوں کی تعداد میں ہزارے وال متحد ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔