نائیجیریا میں ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کے منتظر 32 افراد اغوا

ویب ڈیسک  پير 9 جنوری 2023
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

ابوجا: نائیجیریا میں ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کے منتظر 32 افراد کو اسلحہ کے زور پر اغوا کرلیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق نائیجیریا کی جنوبی ریاست ایڈو کے نام اکیمی اسٹیشن پر مسلح شخص نے دھاوا بول دیا اور ٹرین کا انتظار کرنے والے 32 افراد کو اسلحہ کے زور پر اغوا کرکے نامعلوم مقام پر لے گیا۔

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ریاستی دارالحکومت شہر بینن سے تقریباً 111 کلومیٹر ے فاصلے پر قائم ریلوے اسٹیشن پر دھاوے کے دوران مسلح شخص نے وہاں موجود کچھ افراد پر گولی بھی چلائی۔میڈیا ذرائع کے مطابق مسلح شخص جدید اے کے 47 رائفل  سے لیس تھا۔

ریاستی انتظامیہ کے مطابق ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کے انتظار میں بیٹھا ایک شخص مسلح شخص کے چنگل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور فوج نے مغویوں کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کردی ہیں اور اس سلسلے میں چھاپوں کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ چند گھنٹوں میں مغویوں کو آزاد کروا لیا جائے گا۔

واقعے کے بعد محکمہ ریلوے نے مذکروہ اسٹیشن کو تاحکم ثانی ٹرین آپریشن کے لیے بند کردیا۔ حکام نے اسلحہ کے زور پر اسٹیشن پر موجود افراد کو اغوا کرنے کے واقعے کو غیر انسانی قرار دیتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

واضح رہے کہ نائیجیریا میں آئندہ ماہ صدارتی انتخابات ہونے والے ہیں جب کہ اس سے قبل اس قسم کی کارروائیوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے بڑے چیلنج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔