کراچی؛ سلنڈر شاپ میں آتشزدگی، گرین لائن بس زد میں آنے سے بچ گئی

اسٹاف رپورٹر  پير 9 جنوری 2023
(فوٹو ویڈیو گریب)

(فوٹو ویڈیو گریب)

  کراچی: سرجانی ٹاؤن فور کے چورنگی کے قریب سلنڈر شاپ میں زور دار دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جب کہ قریب سے گزرنے والی گرین لائن بس بلند شعلوں کی زد میں آنے سے بچ گئی۔

سلنڈر شاپ میں دھماکے سے آگ لگنے کے بعد یکے بعد دیگرے مزید دھماکے ہوئے، جس کے نتیجے میں کئی سلنڈرز  دور جاگرے۔ آگ کی زد میں آکر قریبی پنکچر کی دکان میں بھی شعلے بھڑک اٹھے جب کہ وہاں موجود رکشے اور 2 موٹرسائیکلیں بھی آگ کی زد میں آ گئیں۔ واقعے میں 2 افراد زخمی ہوئے۔

بلال کالونی تھانے کے علاقے سرجانی ٹاؤن فور کے چورنگی کے قریب سلنڈر شاپ میں ہونے والے دھماکے کی آواز دور تک سنائی دی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی جب کہ یکے بعد دیگرے ہونے والے دھماکوں سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔دھماکوں کے بعد لگنے والی آگ سے زخمی ہونے والے افراد کوایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

دریں اثنا  سلنڈرشاپ میں ہونے والے خوفناک دھماکے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے دھماکے کے ساتھ ہی آگ کا خوفناک شعلہ فضا میں بلند ہوتا ہے۔ اس موقع پر عین دھماکے کے وقت مسافروں سے بھری ہوئی گرین لائن بس بالائی گزرگاہ سے گزرتے ہوئے شعلوں سے بال بال بچ گئی۔

پولیس کے مطابق سلنڈر شاپ میں کمپریسر دھماکے سے پھٹا، جس کے نتیجے میں وہاں آگ بھڑک گئی جس نے پنکچر شاپ ، ایک رکشے اور 2 موٹر سائیکلوں کو بھی اپنی پلیٹ میں لیا۔سلنڈر شاپ میں آگ بھڑکنے کے دوران یکے بعد دیگرے مزید دھماکے بھی ہوئے، جس سے کئی سلنڈر دور جا گرے اور ان میں آگ لگ گئی۔

اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ادارے موقع پر پہنچ گئے جب کہ ایمبولینس کی تین گاڑیاں نے آگ بجانے کی کارروائی شروع کی۔ آتشزدگی کے واقعے میں سلنڈر شاپ، پنکچر کی دکان، ایک رکشہ اور دو موٹر سائیکلیں مکمل جل گئیں جب کہ دھماکے اور آگ لگنے سے دکان دار آصف ولد اسماعیل اور رکشہ ڈرائیور علی گوہر ولد قادر بخش جھلس کر زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔