کراچی سے لاپتہ ہونے والی دو نوعمر لڑکیاں لاہورسے مل گئیں

اسٹاف رپورٹر  پير 9 جنوری 2023
کراچی پولیس کے مطابق دونوں سہیلیاں منصوبہ بندی کرکے گھر سے فرار ہوئی تھیں (فوٹو : فائل)

کراچی پولیس کے مطابق دونوں سہیلیاں منصوبہ بندی کرکے گھر سے فرار ہوئی تھیں (فوٹو : فائل)

  کراچی: کورنگی سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والی دو کم عمر سہیلیاں لاہور ریلوے پولیس کو مل گئی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق زمان ٹاؤن تھانے کے علاقے کورنگی نمبر 2 سے دو سہیلیاں 14 سالہ کنزہ اور 14 سالہ نائیلہ پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی تھیں اور دونوں کے اغوا کا مقدمہ زمان ٹاؤن تھانے میں درج کرایا گیا۔

ایس پی کورنگی انویسٹی گیشن ابریز علی عباسی نے  ایکسپریس کو بتایا کہ دونوں سہیلیوں کے لا پتہ ہونے کے بعد پولیس نے جب تفتیش شروع کی تو ہمیں کچھ ایسے شواہد ملے تھے کہ دونوں سہیلیاں ریلوے اسٹیشن سے کہیں گئی ہیں جس پر ہم  نے ریلوے اسٹیشنز پر چیکنگ شروع کردی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ریلوے پولیس کو بھی آگاہ کردیا تھا اور گزشتہ روز لاہور ریلوے پولیس کو دونوں لڑکیاں ریلوے اسٹیشن سے ہی مل گئی ہیں اور ریلوے پولیس نے دونوں لڑکیوں کو اپنے پاس رکھا ہوا ہے اورر انہوں نے کراچی پولیس کو لڑکیاں ملنے کے حوالے سے آگاہ کردیا ہے۔

ابریز علی عباسی کا کہنا تھا کہ زمان ٹاؤن تھانے کا تفتیشی افسر دونوں لڑکیوں کو لینے کے لیے لاہور روانہ ہو گیا ہے اور جلد لڑکیاں واپس آجائیں گی اور ہماری ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں سہیلیاں منصوبہ بندی کرکے گھر سے فرار ہوئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔