کورنگی، اورنگی اورموچکو میں پولیس کی کارروائیاں، 10 ڈاکو گرفتار

اسٹاف رپورٹر  پير 9 جنوری 2023
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران 10 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا۔

ڈکیتی اور رہزنی کی مختلف وارداتوں میں ملوث ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ، نقدی، طلائی زیورات، موبائل سمیت چھینی ہوئی موٹرسائیکل بر آمد ہوئی۔

کورنگی میں دو مقابلوں کے دوران دو زخمیوں سمیت چار ڈاکو گرفتار

کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے مبینہ مقابلوں کے بعد 2 زخمیوں سمیت 4 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ ، موبائل فونز ، موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد کر لیا، تین نمبر لیبر اسکوائر تنظیم فلور مل کے قریب لنک روڈ سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔

پولیس نے زخمی ہونے والے ڈاکو کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا ،زخمی ہونے والے ڈاکو کی شناخت 35 سالہ خان محمد ولد محمد عمر کے نام سے کی گئی ، گرفتار ڈکیت کا ساتھی عبدالرؤف رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ملزم سے ایک پستول بمعہ ایمونیشن ، تین چھینے گئے موبائل فونز ، نقدی اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔

گرفتار ملزم اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں ، کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے نیشنل ریفائنری روڈ سیکٹر 7/A سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ، زخمی ڈاکو کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا انسپکٹر اورنگزیب خٹک کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت احسن ولد نور افسر کے نام سے کی گئی جبکہ دیگر دو ڈاکوؤں کی شناخت علی اکبر ولد شاہ نواز اور جہانزیب ولد وزیر اللہ کے نام سے کی گئی ، گرفتار ملزمان سے ایک پستول بمعہ ایمونیشن ، موبائل فون ، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ، گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں۔

موچکو سے گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والے تین ڈاکو گرفتار

موچکوانویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھروں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث گینگ کے3 ملزمان کو گرفتارکرلیا،وارداتوں میں ملوث گینگ کےتین ملزمان کی شناخت شاکر علی عرف شاکوولد اللہ داد ،نیاز ولد سلیم اورذاکرعلی ولد سخی داد کے نام سے ہوئی۔

ایس پی انویسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کیماڑی شمائل ریاض ملک کے مطابق4 دسمبرکورئیس گوٹھ کے علاقے میں 4 ملزمان نے رات کے وقت گھر میں داخل ہوکراہل خانہ کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا لیا تھا، ملزمان گھر سے 21 تولہ طلائی زیوارات، 8 لاکھ 20 ہزارروپے نقد، 9 موبائل فون اورایک ریوالور لوٹ کر فرارہوگئے تھےواردات کا مقدمہ الزام نمبر 499/2022 بجرم دفعہ 392/397/34کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا۔

پولیس نے واردات میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتارکرلیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیےکوششیں کی جا رہی ہیں گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اورسابقہ کریمنل ریکارڈ حاصل کیا جارہا ہے۔

ہیئر ڈریسر کی دکانوں میں لوٹ مار کرنے والے تین ڈاکو پکڑے گئے

پاکستان بازار پولیس نے ہیئر ڈریسر کی دکان میں لوٹ مار کر نے والے 2 ڈاکوؤں کو پکڑ لیا جنہیں موقع پر موجود مشتعل شہریوں نے بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، تیسرا ملزم پولیس مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔

گرفتار ملزمان نے تین روز قبل اورنگی ٹاؤن میں بھی ہیئر ڈریسر کی دکان میں لوٹ مار کی تھی ، گرفتار ملزمان متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

پولیس کے مطابق پاکستان بازارتھانے کےعلاقے اورنگی ٹاؤن اسلام چوک کے قریب موٹر سائیکل سوار 3 نامعلوم مسلح ملزمان ہیئر ڈریسر کی دکان میں لوٹ مار کر رہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس پارٹی موقع پر پہنچ گئی اورپولیس نے 2 ملزمان کو گھیرے میں لینے کے بعد گرفتار کرلیا جبکہ تیسرا ملزم فائرنگ کرتا ہوا موقع پر سے فرار ہو گیا۔

فائرنگ کے نتیجے میں ہیئر ڈریسر کی دکان میں موجود سمیر نامی لڑکا پیٹ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا اسی دوران شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی اور مشتعل شہریوں نے پکڑے جانے والے ڈاکوؤں کو بدترین تشدد کا نشانہ بناڈالا، پولیس نے فرارہونے والے ملزم کا تعاقب جاری رکھا اورجرمن اسکول کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں تیسرے ملزم کو بھی زخمی حالت میں گرفتارکرلیا،زخمی حالت میں گرفتار تینوں ملزمان کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ایس ایچ او ریاض احمد بھٹو نے بتایا کہ شہریوں کے تشدد سے زخمی ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت عبدالوہاب ولد بارش خان اورقاسم ولد ابوہریرہ کے نام سے کر لی گئی ہے جبکہ ان کے قبضے سے دو پستول ،7 گولیاں اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں زخمی حالت میں گرفتارملزم کی شناخت حذیفہ ولد محمد سلطان کے نام سے ہوئی ہے اورملزم کے قبضے سےایک پستول برآمد کر لی گئی۔

ایس ایچ اوریاض بھٹونے بتایا کہ گرفتارملزمان نے تین روز قبل اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود میں ہیئرڈریسر کی دکان میں لوٹ مار کی تھی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس نے حاصل کرلی ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں گرفتارملزمان کو لوٹ مار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ گرفتارملزمان ہیئر ڈریسر کی دکانوں میں لوٹ مار کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں ،انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی  جارہی ہے اور مزید بھی انکشافات متوقع ہیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔