ایک سال میں 365 میراتھن مکمل کرنے والے شخص نے 10 لاکھ پاؤنڈ جمع کرلیے

ویب ڈیسک  بدھ 11 جنوری 2023
گیری مک کی نے 2022 میں روزانہ 42 کلومیٹر(میراتھن کے برابر) دوڑ کر ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے اور دس لاکھ برطانوی پاؤنڈ چندہ جمع کیا ہے۔ فوٹو: بی بی سی

گیری مک کی نے 2022 میں روزانہ 42 کلومیٹر(میراتھن کے برابر) دوڑ کر ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے اور دس لاکھ برطانوی پاؤنڈ چندہ جمع کیا ہے۔ فوٹو: بی بی سی

 لندن: عزم و حوصلے کی ایک حیرت انگیز خبر برطانیہ سے آئی ہے جہاں ایک صاحب نے روزانہ ایک میراتھن (42 کلومیٹر) دوڑ لگائی اور پورے 2022 میں ہر روز اس پر عمل کیا۔ اس طرح انہوں نے کینسر کا علاج کرنے والے دو خیراتی اداروں کے لیے ایک ملین (دس لاکھ) برطانوی پاؤنڈ رقم جمع کی ہے۔

گیری مک کی کے سر پر اپنی ہدف رقم کا جنون تھا اور انہوں نے مسلسل 365 روز تک روزانہ 42 کلومیٹر تک دوڑ کر نہ صرف نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے جبکہ انہوں نے کینسر کے غریب مریضوں اور تحقیق کے لیے دس لاکھ پاؤنڈ بھی جمع کیے ہیں۔

2022 میں یکم جنوری کو کمبریا کے علاقے کلیٹر مور سے گیری نے اپنا سفر شروع کیا اور راستے میں رقم جمع کرتے رہے۔ صبح ساڑھے آٹھ بجے انہوں نے اپنا سفر شروع کیا اور 42 کلومیٹر کا سفر طے کیا اس کے بعد 31 دسمبر کی رات  دوبجے ان کا شاندار استقبال آتش بازی سے کیا گیا۔ اس طرح وہ پورے سال روزانہ ایک میراتھن کے برابر دوڑے تھے۔

نیا ریکارڈ

اس دوران انہوں نے کل 15000 سے زائد کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا اور 20 جوڑی جوتے تباہ ہوئے۔ آخری دن لوگوں نے دورویہ کھڑا ہوکر زوردار تالیوں سے ان کا استقبال کیا۔ گیری کےمطابق وہ فکر مند تھے کہ کسی ناگہانی مسئلے سے یہ سلسلہ نہ ٹوٹ جائے تاہم وہ اپنے غیرمعمولی ہدف میں کامیاب رہے۔

گیری نے کہا کہ وہ خود کو شاباش دے رہے ہیں کیونکہ ہر روز 42 کلومیٹر دوڑنا کوئی آسان عمل نہیں اور وہ بھی پورے ایک سال تک۔ اب انہوں نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ سے بھی رابطہ کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔