علیحدگی کے بعد سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کا ایک ساتھ پہلا انٹرویو وائرل

ویب ڈیسک  منگل 10 جنوری 2023
شہروز سبزواری  اور سائرہ  یوسف  کی فلم اگلے ماہ ریلیز کی جائے گی(فائل فوٹو)

شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف کی فلم اگلے ماہ ریلیز کی جائے گی(فائل فوٹو)

کراچی: ماضی کی مقبول جوڑی شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف کا علیحدگی کے بعد ایک ساتھ دیا گیا پہلا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔

سال 2020 میں راہیں جدا کرنے والے سائرہ اور شہروز جلد اپنی نئی فلم ’بے بی لیشیس‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے فلم کی عکسبندی اس جوڑی کی علیحدگی سے قبل کر لی گئی تھی تاہم اس فلم کی ریلیز تاخیر کا شکار رہی اور اب اسے فروری 2023 میں ریلیز کیا جا رہا ہے۔

اداکارہ سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری ان دنوں اپنی اس رومانوی فلم کی پروموشن میں مصروف ہیں طلاق کے بعد انہوں نے ایک ساتھ پہلا انٹرویو دیا ہے جو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔


View this post on Instagram

A post shared by Syra Yousuf (@sairoz)

انٹرویو میں دونوں اداکاروں نے طلاق کے بعد اپنے بہتر تعلقات اور دوستی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک بیٹی کے والدین ہونے کے ناطے ان کی بیٹی نورے نے انہیں جوڑ رکھا ہے۔ سائرہ کا کہنا تھا کہ وہ طلاق کے بعد بھی بطور والدین اپنی بیٹی کی وجہ سے ایک دوسرے سے رابطے میں رہتے ہیں اور مل کر اس کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔

سائرہ کا کہنا تھا کہ اپنی اولاد کے آگے آپ کو اپنے مسائل چھوٹے لگنے لگتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہم دونوں کے درمیان تعلقات تاحال بہتر ہیں شہروز سبزواری نے بھی سائرہ کی اس بات سے اتفاق کیا۔


طلاق کے بارے میں بار بار سوالات کا سامنا کرنے پر سائرہ کا کہنا تھا کہ بعض اوقات ہمارے لیے بھی مشکل ہوتی ہے جب لوگ بار بار پرانی چیزوں کے بارے میں بات کرتے ہیں میں پریشان ہوجاتی ہوں۔ سائرہ نے درخواست کی کہ دو لوگوں کے درمیان طلاق کو عجیب نہ بنائیں بلکہ انہیں زندگی میں آگے بڑھنے دیں۔

View this post on Instagram

A post shared by Celebs.Pakistan (@celebspakistan)


فلم ’بے بی لیشیس‘ میں ایک ساتھ کام کرنے کے حوالے سے سائرہ کا کہنا تھا کہ اس فلم سے صرف میں اور شہروز ہی نہیں بلکہ اور کئی لوگ جڑے ہیں اس لئے ہم نے اس پراجیکٹ کے لیے مختلف سوچ رکھی اور ساتھ مل کر کام کیا ورنہ ہمارے ہاں لوگ سمجھتے ہیں علیحدگی کے بعد دونوں کو ایک دوسرے سے ہر تعلق کو ختم کردینا چاہیے۔

یاد رہے کہ 2012 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف نے 2020 میں علیحدگی اختیار کر لی تھی جس کے بعد شہروز سبزواری نے ماڈل صدف کنول سے شادی کرلی تھی جن سے ان کی ایک بیٹی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔