آٹھویں جماعت کے طالبعلم نے چاقو کے زور پر لڑکی کی مانگ سندور سے بھردی

ویب ڈیسک  منگل 10 جنوری 2023
پولیس نے نوجوان لڑکے کو گرفتار کرلیا، فوٹو: فائل

پولیس نے نوجوان لڑکے کو گرفتار کرلیا، فوٹو: فائل

نئی دہلی: بھارتی ریاست اترپردیش میں آٹھویں جماعت کے طالب علم نے گھر میں داخل ہوکر زبردستی چاقو کے زور پر چھٹی کلاس کی لڑکی کی مانگ میں سندور بھر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق طالب علم اپنے ایک دوست کے ہمراہ لڑکی کے گھر پہنچا اور دیوار پھلانگ اندر داخل ہوا۔اُس وقت لڑکی گھر کی صفائی کر رہی تھی۔

دوست نے لڑکی کی گردن پر تیز دھار چاقو رکھا اور لڑکے نے لڑکی کی مانگ میں سندور بھردیا۔ جب تک شور شرابہ سن کر اہل خانہ آتے لڑکے فرار ہوگئے۔

لڑکی کے والد نے تھانے میں شکایت درج کرائی جس پر پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے موٹر سائیکل کا پتہ لگایا اور اس کی مدد سے لڑکوں تک پہنچ گئی۔

دونوں لڑکوں کو گرفتار کرکے بچوں کی جیل منتقل کردیا گیا۔ لڑکے کا کہنا ہے کہ وہ اس لڑکی سے محبت کرتا تھا اور اسی سے شادی بھی کرنا چاہتا تھا۔

دوسری جانب لڑکی کے والد نے پولیس کو بتایا یہ لڑکا اسکول میں بھی بچی کو تنگ کرتا تھا جس پر ہم نے اسکول ہی تبدیل کروادیا تھا لیکن وہ اب گھر آن دھمکا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔