گورنر سندھ سے خانہ کعبہ کے کلید بردار شیخ عبدالرحمٰن الشیبی کی ملاقات 

اسٹاف رپورٹر  منگل 10 جنوری 2023
شیخ عبد الرحمن الشیبی نے گورنر ہاؤس کی مسجد میں ظہر کی نماز کی امامت بھی کی ، فوٹو: فائل

شیخ عبد الرحمن الشیبی نے گورنر ہاؤس کی مسجد میں ظہر کی نماز کی امامت بھی کی ، فوٹو: فائل

  کراچی: گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے خانہ کعبہ کے کلید بردار شیخ عبد الرحمٰن بن صالح ذین العابدین الشیبی نے گورنرہاﺅس میں ملاقات کی ہے۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ خانہ کعبہ کے کلید بردار کی گورنر ہاﺅس آمد اعزاز کی بات ہے۔

شیخ عبد الرحمن بن صالح زین العابدین الشیبی نے گورنر ہاؤس کی مسجد میں ظہر کی نماز کی امامت بھی کی اور گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور گورنر ہاؤس کے افسران اور ملازمین نے ان کی اقتدا میں نماز ادا کی، اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں توانائی بحران ہے اس ضمن میں گورنرہاﺅس کی آج سے 50 فیصد لائٹس بند رکھی جائیں گی، میں شہریوں سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ  25 فیصد بجلی کم استعمال کریں، اس طرح بجلی  بچا کر ہم بہت سے مسائل کو حل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شادی ہال مالکان بلا وجہ لائٹیں مت جلائیں جتنا ممکن ہو سکے بجلی کی بچت کو یقینی بنائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔