معروف اداکار و کامیڈین ماجد جہانگیر انتقال کر گئے

ویب ڈیسک  بدھ 11 جنوری 2023
ماجد جہانگیر کو سانس کا مرض پہلے ہی لاحق تھا جو شدت اختیار کر گیا، بیٹا فہد۔ فوٹو: ایکسپریس ٹریبیون

ماجد جہانگیر کو سانس کا مرض پہلے ہی لاحق تھا جو شدت اختیار کر گیا، بیٹا فہد۔ فوٹو: ایکسپریس ٹریبیون

 لاہور: معروف اداکار و کامیڈین ماجد جہانگیر طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق معروف اداکار و کامیڈین ماجد جہانگیر طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کر گئے، ان کو فالج کے ساتھ سانس کا مرض پہلے ہی لاحق تھا جو شدت اختیار کر گیا اور وہ اپنے خالق حقیقی کو جاملے۔

کامیڈی سیریز ’’ ففٹی ففٹی ‘‘ میں اپنے کام سے شہرت پانے والے ماجد جہانگیر ایک ماہ قبل گھر پر بیڈ سے گر گئے تھے جس کے باعث ان کے مہرے کی ہڈی فریکچر ہوگئی تھی، وہ لاہور میں نجی اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج تھے۔

مرحوم کی تدفین کے لیے بیٹا فہد ماجد کراچی سے لاہور آئے گا اور میت کراچی لے کر جائے گا۔ ان کے بیٹے فہد نے بتایا کہ ان کی نماز جنازہ اور تدفین آج کراچی میں کی جائے گی۔

اداکار ماجد جہانگیر کو ’’ ففٹی ففٹی ‘‘ کامیڈی سیریز میں ان کی یادگار کارکردگی پر صدر پاکستان کی جانب سے پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا، انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے لیے 22 سال کام کیا اور 4 فلموں میں اداکاری بھی کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔