پرویزالہیٰ کسی صورت اعتماد کا ووٹ نہیں لے سکتے، وزیر داخلہ

ویب ڈیسک  بدھ 11 جنوری 2023
پنجاب حکومت واپس لیے کر ہی اسلام آباد جاؤں گا، رانا ثنا اللہ:فوٹو:فائل

پنجاب حکومت واپس لیے کر ہی اسلام آباد جاؤں گا، رانا ثنا اللہ:فوٹو:فائل

 لاہور: وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پرویز الہیٰ کے پاس 186 ارکان نہیں وہ کسی صورت اعتماد کا ووٹ نہیں لے سکتے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہمارے پاس 179 اراکین ہیں اور رن آف الیکشن میں ہم کامیاب ہو سکتے ہیں۔ پرویز الہیٰ کے پاس 186 اراکان نہیں وہ کسی صورت میں اعتماد کا ووٹ نہیں لے سکتے۔

وزیرداخلہ کا مزید کہنا تھا کہ معزز عدالت نے پرویز الہی کو ریلیف دیا جو پنجاب کے عوام کو بہت مہنگا پڑا۔عدالت سے استدعا ہے کہ اس کیس کا جلد فیصلہ دے تاکہ اقلیتی حکومت عوام پر مسلط نہ رہے۔ وزیراعلیٰ کو بیس، بائیس دن ملے تھے انہوں نے روزانہ اربوں روپے کی کرپشن کی۔ ان کی ساری توجہ ماسٹرپلان کی منظوری پر رہی۔عمران خان ملکی سیاست میں ایک ناسور ہے جس نے لوگوں کو بدتمیزی سکھائی۔ ضرورت اس بات کی ہے اس فتنہ کا خاتمہ کیا جائے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے اراکین ہمارے ساتھ آنا چاہتے ہیں لیکن سپریم کورٹ کا فیصلہ ان کے آڑے ہے۔ اب وہ اعتماد کا ووٹ نہ دے کر اپنے غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔ میں پنجاب حکومت واپس لے کر ہی اسلام آباد جاؤں گا۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔