علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

 اتوار 15 جنوری 2023
16 تا 22 جنوری 2023

16 تا 22 جنوری 2023

برج حمل
سیارہ مریخ ، 21 مارچ تا 20 اپریل

یہ ہفتہ آسان نہیں ہے، آپ کا سیارہ اگرچہ مستقیم ہوچکا ہے، لیکن ابھی کم زور اور منفی حالت میں ہے پھر آپ کے بزنس، سوچ اور سفر کا سیارہ بھی اسی حال میں ہے اور مزید پیر کے دن چاند بھی عقرب میں کیتو کے ساتھ ہوگا۔ آپ کو بہت محتاط رہنے کا مشورہ ہے بزرگوں کی انگلی پکڑ کر ہی قدم رکھیں، اگر آپ نے ذرا سا استقامت اور صبر سے کام لیا تو اس ہفتے مالی فائدہ بھی ہوسکتا ہے۔

برج ثور
سیارہ زہرہ ، 21اپریل تا 20 مئی

اس ہفتے اخراجات بے تُکے اور ناقابلِ فہم ہوسکتے ہیں، جیب سے کچھ گرسکتا ہے، کٹ لگ سکتا ہے، جل سکتا ہے، آگ سے محتاط رہیں آپ کا سیارہ کیریئر کے سیارے سے ہم کلام ہے لیکن عطارد کا تعاون حاصل نہیں ہے۔ اس لیے ممکن ہے کچھ منصوبے آگے بڑھتے بڑھتے عارضی تعطل کا شکار ہوجائیں، یہ ایک تناؤ والی کیفیت ہوسکتی ہے۔ پیر کے دن گھر اور والدہ کا خیال رکھیں، جذبات پر پاؤں رکھیں تو بہتر ہوگا۔

برج جوزا
سیارہ عطارد ، 21مئی تا 21 جون

پیر کے دن آپ کی جیب میں سوراخ ہوسکتا ہے۔ کہیں بھی مالی انویسٹمنٹ بالکل نہ کریں، بلکہ جو کچھ ہے اسے سنبھال کے رکھیں، وہ شراکت دار جس سے پہلے آپ کو گلے شکوے تھے اب وہ دور ہونا شروع ہوجائیں گے اور بزنس میں تیزی سے بہتری کا آفتاب طلوع ہونے جارہا ہے، لیکن اس ہفتے کوئی بڑا قدم بالکل نہ اٹھائیں۔پرانا لین دین پھر دردِسر کی وجہ بن سکتا ہے۔ کسی کو چیک دیں نہ معاہدہ کریں۔

برج سرطان
سیارہ قمر ، 22جون تا 23 جولائی

مریخ آپ کے کیریئر اور اولاد کا سیارہ ہے، اسے خرابی لگ چکی ہے۔ بچوں کی صحت اور ان کی مصروفیات پر نظر رکھنے کی اشد ضرورت ہے۔ ورنہ یہ ہفتہ کسی مشکل اور صدمے سے دوچار کرسکتا ہے۔ جذبات میں آکر اندھی محبت سے دور رہیں۔ آپ کے وقار کا عمامہ خاک آلود ہونے کا اندیشہ موجود ہے۔ مالی فائدے کی امید موجود ہے۔ بیرون ملک کام کرنے والوں کو بھی کچھ رکاوٹوں کا سامنا ہوسکتا ہے۔ صبر سے کام لیں۔ جلدبازی نقصان کا باعث بنے گی۔

برج اسد
سیارہ شمس ، 24جولائی تا 23 اگست

گھر میں چور گھس سکتا ہے۔ تالا مضبوط لگائیں۔ جس سمت پانی کا نظام ہے اس طرف سے محتاط رہیں۔ گھر میں پانی کے نظام میں کوئی خرابی بھی ہوسکتی ہے۔ آپ کا سیارہ ابھی مشکل میں ہے۔ مخالفین کا علم بلند ہے۔ یہ ہفتہ نہایت دانش مندی سے گزاریں۔ ایک بزرگ کا تعاون حاصل تو ہے لیکن وہاں بھی بہت سوال و جواب اور تنقید کا سامنا ہوسکتا ہے۔ کورٹ کچہری کے امور سے جتنا ہوسکتا ہے بچنے کی کوشش کریں۔ آپ کو شریکِ حیات کا تعاون حاصل رہے گا۔

برج سنبلہ
سیارہ عطارد ، 24 اگست تا 23 ستمبر

آپ کا سیارہ عطارد اولاد کے خانے میں سست رفتار ہوچکا ہے۔ قمر عقرب میں اور مریخ سفر کے خانے میں خراب ہورہا ہے۔ بچوں کو گھر سے اکیلا نہ نکلنے دیں۔ قمر عقرب میں ہے کسی قریبی عزیز کی صحت خراب یا خدانخواستہ انتقال جیسا معاملہ ہوسکتا ہے۔ ذہنی دباؤ شدید ہوسکتا ہے۔ مالی فائدہ کا رک رک کے ہونے کی امید موجود ہے۔ تعلقات کا خانہ متاثر ہورہا ہے۔ معاملات میں نرم اور محتاط رہیں۔

برج میزان
سیارہ زہرہ ، 24 ستمبر تا 23اکتوبر

آپ کا سیارہ زہرہ سُکھ، راحت اور خوشی کے سیارے کے ساتھ اس کے گھر میں موجود ہے۔ ازدواجی خانے میں مشتری آچکا ہے۔ یہ وقت تعلقات کو دگنا کرسکتا ہے۔ دو شادیاں ہوسکتی اور اسی کی وجہ سے ماحول میں تناؤ اور خرابی آسکتی ہے۔ آپ کے تعلقات کا سیارہ بتارہا ہے کہ جو آپ سمجھ رہے ہیں حقائق الٹ ہیں۔ جلد آپ کی خوش فہمی دور ہونے والی ہے، محتاط رہیں۔ ایسے وقت میں آپ کی عزت ووقار کے خانوں میں کالے سائے منڈلا رہے ہیں۔ پیر کا دن بہت اہم ہے۔

برج عقرب
سیارہ پلوٹو ، 24 اکتوبر تا 22 نومبر

آپ کے طالع کا مالک یعنی آپ کا سیارہ کم زور ہے اور مقدر کا سیارہ ہبوط میں۔ ایسی صورت میں اپنی صحت کا خصوصی خیال رکھیں، کام اور جاب دونوں میں گذشتہ ایام سے جو خرابی چل رہی تھی اس کا نقطہ عروج پر جاسکتا ہے۔ کوشش کریں کہ حالات کو قابو میں رکھ سکیں۔ اس وقت آپ کے لیے درست قدم اٹھانا بہت مشکل ہے، کوشش کریں کہ والدہ کے مشورے پر عمل کریں۔

برج قوس
سیارہ مشتری ، 23 نومبرتا 22 دسمبر

آپ کا سیارہ اولاد، محبت اور آپ کی اعلٰی صلاحیتوں کے خانے میں آچکا ہے لیکن مریخ اور عطارد کی کم زوری آپ کے اولاد اور تعلقات کے امور کو متاثر کرسکتی ہے۔ ممکن ہے مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہوسکیں۔ آپ کی جیب میں وزن بڑھ رہا ہے، اور ایسے وقت میں بیرون ملک سے بھی کوئی مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ غیرضروری اخراجات پیر اور منگل کو ہوسکتے ہیں محتاط رہیں۔

برج جدی
سیارہ زحل ، 23 دسمبر تا 20 جنوری

گذشتہ ایک ماہ سے جاری پے درپے خرابیوں کا یہ آخری ہفتہ ہوسکتا ہے۔ اس میں صحت اور کام کی خرابی دونوں نے سکون خراب کررکھا ہوگا۔ زہرہ اور زحل کا آپ کی جیب میں باہم ایک ہونا آپ کے مالی فائدوں سے دو چار کرسکتا ہے۔ وراثتی امور اور بزنس میں حائل خرابیاں دور ہونے کی امید نظر آرہی ہے، لیکن یہ ہفتہ نچوڑنے کی کوشش کرسکتا ہے۔ اپنی توانائی کا گراف بلند رکھیں۔

برج دلو
سیارہ یورنیس ، 21 جنوری تا 19 فروری

اولاد اور مشکلات کا سیارہ نقصان کے مقام پر ہے۔ بہتر بات یہ ہے کہ زحل اور زہرہ آپ کے طالع میں ہیں۔ بچوں کے حوالے سے پیش آنے والی مشکل کا حل نکل سکتا ہے۔ آپ کے مقدر کا سیارہ آپ کے ماتھے پر چمک رہا ہے۔ امید ہے اس ہفتے کی سختیوں کو آپ آرام سے آسانیوں میں بدل لیں گے۔ آپ بزنس اور کیریئر سے متعلق کوئی بڑا قدم نہ ہی اٹھائیں تو بہتر ہے، ورنہ آپ کی ایک نہیں چلنی اور معاملہ ہاتھ سے نکل جانا ہے۔

برج حوت
سیارہ نیپچون ، 20 فروری تا 20 مارچ

چوتھے خانے میں مریخ کی خرابی، چاند کا ہبوط میں ہونا اور عطارد کا بھی کم زور ہونا گھر کے ماحول کو خراب کرسکتا ہے۔ یہ خرابی شریکِ حیات، والدہ اور بچوں کے گرد گھومتی نظر آتی ہے۔ ممکن ہے کچھ ضروری کاغذات آپ کے لیے سردرد کی وجہ بن جائیں۔ مشتری آپ کی جیب میں آچکا ہے۔ یہ اگلے پانچ مہینوں میں آپ کی جیب کا وزن بڑھا سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔