درآمدی یوریا مزید مہنگی، نئی قیمت 2340 روپے فی تھیلا مقرر

شہباز رانا / ارشاد انصاری  جمعرات 12 جنوری 2023
ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس 8کروڑ،ہاؤسنگ اینڈورکس کیلیے50کروڑکی گرانٹ منظور
۔ فوٹو : فائل

ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس 8کروڑ،ہاؤسنگ اینڈورکس کیلیے50کروڑکی گرانٹ منظور ۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے درآمدی یوریا کی قیمت پر نظر ثانی کرتے ہوئے اس کا نیا نرخ 2340 روپے فی تھیلا (50 کلوگرام) مقرر کرنے کی منظوری دیدی ہے جبکہ آر ایل این جی پر چلنے والے 3پاور پلانٹس کے پاور پرچیز اور گیس خریداری معاہدے میں کم از کم ’’ٹیک اینڈ پے‘‘ کمٹمنٹس کی شرح 33 فیصد پر فکسڈ کردی ہے۔

ای سی سی کا اجلاس گزشتہ روز وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت ہوا، جس میں پانچ نکاتی ایجنڈے پر غور کے بعد اہم فیصلے کیے گیے۔

آر این این جی پر چلنے والے تین پاور پلانٹس کیلئے پاور پرچیز معاہدے اور گیس پرچیز معاہدے میں ٹیک اینڈ پے کمٹمنٹس میں تبدیلی کی منظوری دیدی گئی، جس کے تحت ای سی سی نے آر ایل این جی پر چلنے والے تین پاور پلانٹس کیلئی پاور پرچیز اور گیس پرچیز ایگریمنٹس میں کم از کم ’’ٹیک اینڈ پے‘‘ کمٹمنٹس کی شرح 33 فیصد پر فکسڈ کردی ہے۔

اجلاس میں ہیوی الیکٹریکل کمپلکس کو بینک آف خیبر کو سود کی ادائیگی کیلئے آٹھ کروڑ9 لاکھ80 ہزار روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ اور وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کیلئے 50 کروڑ روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔

دریں اثناء وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ٹویٹ میں کمرشل بینکوں میں موجود زرمبادلہ تک حکومتی رسائی کے بے بنیاد اور مذموم پروپیگنڈے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں کوئی حقیقت نہیں، بعض مفاد پرست عناصر، جنہوں نے ماضی میں اس ملک کو تباہ کردیا تھا، نے اس کو غلط رنگ دے کر ایک مہم شروع کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ ان شاء اللہ مستقبل قریب میں زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔