گزشتہ 24 گھنٹے میں اسٹریٹ کرائمز کی مزید 148 وارداتیں، مجموعی تعداد 198 ہوگئی

ویب ڈیسک  جمعرات 12 جنوری 2023
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

  کراچی: کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اسٹریٹ کرائمز کی مزید 148 وارداتیں ہونے کے دو روز میں ڈکیتیوں کی مجموعی تعداد 297 تک پہنچ گئی۔  

ایڈیشنل آئی جی کی جانب سے کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں سے متعلق  ورکنگ رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو پیش کی گئی جس میں انکشاف کیا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر بھر میں 148 اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں رپورٹ ہوئیں ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ وارداتوں میں 59 موبائل/نقدی چھینی گئیں، چار کاروں سمیت 74 موٹرسائیکلیں چوری کی رپورٹ ہوئیں۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی کے مطابق 148اسٹریٹ کرائم میں ضلع شرقی 46، وسطی 28، کورنگی 22، غربی 14 شامل ہیں جبکہ ضلع ملیر9، سٹی 5، جنوبی اور کیماڑی 12-12 اسٹریٹ کرائم کیسز رپورٹ ہوئے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق اسٹریٹ کرمنلز نے سائیٹ سپر ہائے ضلع شرقی کی حدود میں ایک شخص جاوید اور عبدالعزیز نامی کو مزاحمت پر شاہ فیصل کالونی ضلع کورنگی کی حدود میں زخمی کیاجبکہ ڈکیتی کے دوران روزی خان کو جرائم پیشہ افراد نے سائٹ بی ضلع کیماڑی کی حدود میں زخمی کیا۔

رپورٹ کے مطابق اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے 7 انکاؤنٹر کئے جس میں 10اسٹریٹ کرمنلز زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے، واردات کے دوران 8 افراد کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا جبکہ پولیس نے ضلع شرقی، وسطی اور غربی میں 4 سرچ آپریشن کیے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی کے مطابق کراچی پولیس نے مجموعی طور پر 199ملزمان کو دن بھر میں گرفتار کیا، 22اسٹریٹ کرمنلز ، 28 غیرقانونی اسلحہ رکھنے، ایک بھتہ خور، 21 منشیات فروشی اور 113دیگر جرائم میں ملزمان کو گرفتارکیا گیا۔

کراچی پولیس کے مطابق کراچی پولیس نے دن بھر میں 14کار لفٹرز کو گرفتار کیا، 31غیر قانونی پستول، 21کلو چرس، 19چھینے گئے موبائل فون برآمد کئے جبکہ 30مسروقہ گاڑیاں جس میں ایک کار اور 29موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔